معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے ایک میوزک کنسرٹ یا پروگرام کا حیران کن معاوضہ لینے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی پہلی کمائی صرف 27 ہزار روپے تھی۔صنم ماروی نے حال ہی میں ’سنو نیوز‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ کیریئر بنانے کے لیے انہیں سخت محنت کرنی پڑی، انہیں متعدد بار مایوسی بھی ہوئی لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہ ہاری۔انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار بڑے میوزک پروگرام کرنے پر 27 ہزار روپے کا معاوضہ ملا تھا، جو اس وقت بہت زیادہ تھا، جس سے انہوں نے والدہ کو گھر کے لیے بہت ساری چیزیں لے کر دیں۔گلوکارہ کے مطابق انہوں نے 27 ہزار روپے کی کمائی سے والدہ کو بستر، ٹی وی، واشنگ مشین اور گھر کی دوسری چیزیں بھی لے کر دی تھیں لیکن اس باوجود ان کےپیسے ختم نہیں ہوئے تھے۔صنم ماروی نے کہا کہ ماضی میں پیسوں کی بہت ویلیو تھی، کم پیسوں میں بہت ساری چیزیں آجاتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں صنم ماروی نے کہا کہ اب وہ میوزک کنسرٹ کی مختلف جب کہ شادی سمیت اسی طرح کی دوسری تقریبات کے لیے مختلف معاوضہ وصول کرتی ہیں۔گلوکارہ نے بتایا کہ وہ عام طور پر شادی اور اس جیسی دوسری تقریبات میں ایک نئی آلٹو کار جتنی رقم لیتی ہیں۔صنم ماروی کا کہنا تھا کہ عام طور پر وہ شادی سمیت اسی طرح کی دوسری تقریبات کا معاوضہ 25 لاکھ روپے تک وصول کرتی ہیں۔۔
