صحافیوں کی برطرفیاں روکی جائیں، کے یوجے۔۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی،روبینہ یاسمین اور مجلس عاملہ کے اراکین نے  ڈان ویب سائٹ بند کرنے، نکتہ و دیگر اخبارات و ٹی وی چینلز سے صحافیوں کی برطرفی، اے آر وائی نیوز میںاعلان شدہ بونس نہ ملنے، سماء ٹی وی میں سیلری پیکیجز کی ری اسٹرکچرنگ اور مختلف میڈیا  ہائوسز   میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی و تاخیر سے ادائیگی کی مذمت اور اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کے یو جے کے عہدیدے داروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کا احترام و تحفظ کیا جائے، میڈیا ہائوسز  اس بارے میں ضرور غور کریں کہ ایک جانب تو آپ 40 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازم کو تو بروقت تنخواہ  دے رہے ہیں، لیکن دوسری طرف 40 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لینے والا ملازم عدم ادائیگی پر پرپیشان اور ذہنی و مالی مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہر جمہوری  حکومت یہ کہتی ہے کہ صحافیوں کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، مگر ہوتا برعکس ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے میڈیا ہائوسز کو واجبات کی ادائیگی کاسلسلہ جاری ہے، لیکن دوسری جانب اداروں سے صحافیوں کی  برطرفیاں اور تنخواہیں عدم ادائیگی یا تاخیر کا شکار ہیں۔  انہوں نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کی  برطرفیاں روکی جائیں اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن بنائی جائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں