پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر پی یوجے میاں شاہد ندیم نے کی۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز ، انفارمیشن سیکرٹری حامد خان ، وائس پریزیڈنٹ عامر سہیل، فاروق جوہری، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عتیق احمد، فرید احمد، عمران راج ، عدنان بٹ او را یگزیکٹو کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں میاں نوید ( بیورو چیف لاہور رنگ) اور میاں عمران ارشید ( اینکر پرسن ) کے خلاف یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسن راٹھور کی جانب سے درج کرائے گئے جھوٹے مقدمے کی شدید مذمت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ، لاہور رنگ کے پروگرام ” پاکستان پوچھتا ہے حقائق ” میں سینئر صحافیوں نے ڈاکٹر احسن راٹھور کے سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال کو بے نقاب کیا، جس پر انہیں نہ صرف فرائض کی انجام دہی سے روکا گیا بلکہ ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروادیا گیا۔صدر پی یو جے میاں شاہد ندیم نے کہا کہ صحافیوں کو سچ بولنے اور اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے لیے اوچھےہتھکنڈے استعمال کرنا آزادی صحافت پر حملہ ہے، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ ایسے اقدامات آزادی اظہار رائے کے منافی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائے اور ذمہ داروں کے سخت خلاف کارروائی کی جائے۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، ورنہ تنظیم احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔دریں اثنا پنجاب اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری نے بھی میاں عمران ارشد اور میاں نوید کے خلاف مقدمے کی مذمت کی ہے۔ جنرل سیکرٹری پنجاب اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری عدنان شیخ کا کہنا ہے کہ یو ایچ ایس وائس چانسلر نے نیو نیوز کے صحافیوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا، قابل مذمت ہے ،پاکستان پوچھتا ہے” پروگرام میں سوال اٹھانے پر صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔وائس چانسلر کا اقدام آزادیِ صحافت پر حملہ ہے ۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری نے مقدمہ فوری واپس لیا جائے ۔مقدمہ ختم نہ ہوا تو اسمبلی سمیت ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا۔ صحافی برادری کی میاں نوید اور میاں عمران ارشد سے مکمل یکجہتی کرتی ہے ۔
