کراچی میں سیشن جج شرقی کی عدالت نے سینئر صحافی شہاب سلمان کو اغوا کرنے اور ان پر فائرنگ کرنے کے معاملے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔ سیشن جج شرقی کی عدالت میں سینئر صحافی شہاب سلمان کی جانب سے مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں ایس ایس پی کمپلین سیل شرقی اور ایس ایچ او ماڈل کالونی کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ زاہد ظفر ، عادل، فہیم اجمیری ، نعیم گڈو، ساجد، عابد ، قاسم رضوی اور عاصم کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست گزار شہاب سلمان کا کہنا ہے کہ 22 جنوری کو مجھے کو اغواء کرنے کی کوشش کی گئی تھی، پولیس کی ملی بھگت کی وجہ سے اغواء ہونے والے صحافی پر ہی جھوٹے مقدمات درج کر دیئے گئے ، میں خود اغوا کاروں کے چنگل سے نکل کر پہلے تھانے پہنچا اور وہاں پولیس کی مدد مانگی ، اس سے قبل بھی تین صحافیوں کو خبر دینے کے جرم میں اغوا اور تشدد کا نشانہ بنا کر مقدمات درج کئے جاچکے ہیں، مجھ پر مشکوک ایم ایل او کی بنیاد پر 324 کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا تھا ، جھوٹے مقدمہ کے خود ساختہ مضروب کی ایم ایل او کی تفتیش کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست بھی دی جاچکی ہے۔
