پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے باغبانپورہ پولیس کی طرف سے لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور سینئر صحافی صغیر چودھری کے گھر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کے داخل ہونے اور توڑ پھوڑ کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور سی سی پی او لاہور سے اس واقعہ کی تحقیات کرانے اور ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے صغیر چودھری کے گھر پر 21 جون کی شب سادہ کپڑوں میں جن مبینہ پولیس اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا وہ باغبانپورہ پولیس کی دو گاڑیوں میں آئے تھے۔ یہ اہلکار سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئے اور نہ صرف توڑ پھوڑ کی بلکہ ان کے بچوں اور اہلیہ کے سامنے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ان کی تذلیل کی گئی ۔پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے اس افسوس ناک واقعہ کی تحقیات کرانے اور جو لوگ بھی ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں بظاہر ایسا کوئی واقعہ یا جرم نہیں جس کی بنا پر پولیس صغیر چودھری کے گھر رات کے پچھلے پہر داخل ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر پولیس کو صغیر چودھری کسی معاملہ میں مطلوب بھی تھا تو اسے تھانے بلوایا جا سکتا ہے لیکن سادہ کپڑوں میں جانے والے ان مبینہ پولیس اہلکاروں کے پاس ایسا کوئی کیس نہیں تھا ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔
