سینئراداکارہ کو فلیٹ بیچ کردیا گیا قرضہ آج تک واپس نہیں ملا۔۔

سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تقریبا 20 سال قبل اپنا فلیٹ بیچ کر دوست کو کاروبار کے لیے پیسے دیے لیکن آج تک انہیں پیسے واپس نہیں ملے۔ سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کسی سے پیسے ادھار نہیں مانگے، انہیں زیادہ ضرورت نہیں پڑی۔ان کے مطابق وہ اپنی آمدنی کے حساب سے اخراجات اور معاملات آگے چلاتی رہی ہیں، اس لیے انہیں دوسروں سے ادھار مانگنے کی ضرورت نہیں پڑی، البتہ انہوں نے بہت سارے افراد کو ادھار دیا۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ایک بار وہ اور معین اختر لاہور میں کوئی پروگرام کر رہے تھے تو اس دوران اداکار نے انہیں اپنا فون دے دیا اور خود اسٹیج پر پرفارم کرنے گئے۔غزالہ جاوید نے کہا کہ اسی دوران معین اختر کے فون پر ان کی بیوی کافون آیا، جنہوں نے پیسے بھجوانے کا کہا، جس پر انہوں نے انہیں بتایا کہ اداکار اسٹیج پر ہیں لیکن وہ اپنے ڈرائیور کو بول دیتی ہیں کہ وہ انہیں پیسے دے کر جائیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے معین اختر کی اہلیہ کے پاس پیسے بھجوا دیے اور بعد ازاں انہوں نے اداکار کو یہ بات بتائی اور پھر کئی سال تک وہ بھی اور اداکار بھی اس بات کو بھول گئے۔اداکارہ نے بتایا کہ چار سال بعد معین اختر ان کے پاس آئے اور ان سے کہا کہ انہوں نے خواب دیکھا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے پیسے ادھار لیے تھے، اب وہ واپس کرنے ہیں، جس پر انہوں نے اداکار کو بتایا کہ انہوں نے کبھی انہیں کوئی پیسے نہیں دیے اور یہ کہ معین اختر کیوں ان سے پیسے مانگیں گے؟سینئر اداکارہ کے مطابق بعد ازاں انہیں یاد آیا کہ انہوں نے معین اختر کی بیوی کو پیسے دیے تھے، جس پر اداکار نے اسی وقت انہیں پیسے نکال کر دیے اور ہدایت کی کہ آئندہ وہ جسے بھی پیسے دیں، ان سے مانگا کریں۔اداکارہ نے ایک اور واقعہ سنایا اور بتایا کہ 20 سال قبل انہوں نے اپنا فلیٹ فروخت کرکے ایک جاننے والے کو کاروبار کے لیے پیسے دیے۔غزالہ جاوید کے مطابق انہوں نے فلیٹ سے حاصل ہونے والی پوری رقم دوست کو دے دی، انہوں نے منافع میں انہیں 50 فیصد دینے کا وعدہ کیا تھا، انہیں دوست کے معاشی اور گھریلو حالات کا بخوبی علم تھا، اس لیے انہوں نے ان کی مدد کی۔اداکارہ نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے متعدد بار دوست سے پیسے واپس لینے کی کوشش کی لیکن وہ ان کا فون نہیں اٹھاتے تھے اور فون بند بھی کردیتے تھے۔اداکارہ نے شکوہ کیا کہ انہیں پیسے دیے ہوئے 20 سال گزر چکے لیکن انہیں روپیہ بھی واپس نہ ملا۔غزالہ جاوید نے دوست کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ انہوں نے دوست کو کتنے پیسے دیے تھے؟

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں