علاقہ ڈھوک غزن ،تھانہ چکڑالہ ضلع میانوالی کی معروف شخصیت ملک لعل گل کے جواں سال بیٹے اور سینئرصحافی عبدالستاراعوان کے کزن ساجد محمود کے قاتل کلیم اللہ کو میانوالی کی خصوصی عدالت نے سزائے موت سنا دی ہے۔ واضح رہے کہ 3 سال قبل علاقہ کے نوجوان عالم دین ساجد محمود کو معمولی تلخ کلامی پر کلیم اللہ نامی شخص نے دن دیہاڑے لوگوں کے سامنے اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔تھانہ چکڑالہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کیا۔ بعدازاں یہ مقدمہ میانوالی کی خصوصی عدالت میں چلا اور معزز عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج وقار منصور بریارنے تفصیلی سماعت کے بعد مجرم کلیم اللہ کو موت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ مقتول پارٹی کی طرف سے اس کیس کی پیروی ممتاز قانون دانوں ملک نثار عباس جوڑا اور ملک جنید خلیل اعوان نے کی۔ اس فیصلے پرمقتول مولانا ساجد محمود کے بھائیوں ملک آصف اعوان،ملک پرویزاعوان اور اہل علاقہ نے عدالت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عدالت نے ہمیں انصاف فراہم کردیاہے‘ جس پر ہم تہہ دل سے معززعدالت کے شکرگزار ہیں۔
