کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی جانب سے سینئر رکن اور ممتاز خاتون صحافی صوفیہ یزدانی کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں استقبالیہ دیا گیا کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان،خازن عمران ایوب ،جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع گورننگ باڈی کے ارکان جاوید مہر اور شیما صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کی صدارت کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری نے کی جبکہ سیکرٹری ریحان خان چشتی، جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن، خازن زین علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ سابق سیکرٹریز کراچی پریس کلب مقصود یوسفی، عامر لطیف،سابق صدر کے یو جے افسر عمران ،ماریہ اسماعیل،غزالہ عزیز ، بشری خالد اور دیگر سینئر صحافیوں نے بھی تقریب میں شرکت کر کے صوفیہ یزدانی کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان ، مقصود یوسفی،عامر لطیف اور افسر عمران نےکہا کہ صوفیہ یزدانی نے صحافت کے شعبے میں دیانت داری، جرات مندی اور پیشہ ورانہ اصولوں کی پاسداری کو ہمیشہ مقدم رکھا اور خواتین صحافیوں کے لیے ایک مثال قائم کی مشکل حالات میں بھی حق و سچ کی آواز بلند کی۔ صوفیہ یزدانی کی خدمات نئی نسل کے صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور اپنے سینئر اراکین اور صحافت کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیہ یزدانی کا صحافتی سفر محنت، استقامت اور اصول پسندی کی روشن مثال ہے۔اس موقع پر صوفیہ یزدانی نے استقبالیہ منعقد کرنے پر کے یو جے دستور اور تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحافت ایک مشن ہے جس میں سچائی، عوامی مفاد اور ذمہ داری کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے تقریب کے اختتام پر صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی نے سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ اور کے یو جے کی شیلڈ بھی پیش کی۔
