qabza mafia or sahafi

سینئر صحافی اسلم شاہ کی گرفتاری کیوں اور کیسے عمل میں آئی۔۔۔

واٹر بورڈ  کراچی کے ایک افسر کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے سینئر صحافی اسلم شاہ کو گرفتار کرلیا۔۔بدھ کے روز انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، بتایا جاتا ہے کہ اسلم شاہ کے وکیل وقت پر نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے فاضل جج نے اسلم شاہ کی جیل کسٹڈی کردی۔۔ تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسر  کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے ) نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ منگل کی شام کو واٹر بورڈ افسر کی مخبری پر نائنتھ مائل کارساز واٹر بورڈ کے دفتر (بی بلاک) سے سینئر تحقیقاتی رپورٹر اسلم شاہ کو گرفتار کیا تھا ۔تحقیقاتی صحافی اسلم شاہ کے خلاف مقدمہ کیلئے واٹر کارپوریشن کے افسر نے جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے تحت درج قوانین کے مطابق طریقہ کار کو فالو نہیں کیا اور نہ ہی صحافی کے لئے کارروائی سے قبل صحافی کو نوٹس ارسال کیا تھا ۔مذکورہ افسر نے  اپنے ایم ڈی کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا تھا نہ ہی اجازت لی تھی ۔اس افسر کے بارے میں  معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف بھی ماضی میں متعدد انکوائریاں چلتی رہی ہیں اور حال ہی میں وہ حساس ادارے کی حراست میں رہنے کے بعد واپس آئے ہیں اوررواں ماہ اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے ۔ جس کی وجہ سے واٹر بورڈ نے ان سے سرکاری جمنی گاڑی لیکر لیاری ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ انجنیئر (ایس ای)  کو الاٹ کر دی ہے ۔واضح رہے کہ 6 ستمبر 2021 کو  سر عام ٹیم کے اینکر اقرار الحسن نے اسی افسر کو ایک ہائیڈرنٹ قائم کرنے کی مد میں رشوت لیتے ہوئے بے نقاب کیا تھا ۔ جس پر اے آر وائی میں اپنے مراسم کے ذریعے پروگرام رکوانے کی بھر پور کوشش کی تھی تاہم پروگرام آج بھی یوٹیوب پر موجود ہے ۔تیس جنوری کو ریٹائرڈ ہونے سے قبل ان سے سرکاری گھر بھی واپس لیا جانا ہے ۔ ادھر پیکا ایکٹ کے تحت اس کارروائی کی صحافی برادری نے شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسلم شاہ کو فوری رہا کیا جائے ۔ صحافی برادری پیکا ایکٹ کے خلاف اپنی جہدوجہد جاری رکھے گی ۔ پیکا ایکٹ سرکاری افسران کی کرپشن چھپانے اور میڈیا کا منہ بند کرنے کی کوشش ہے۔واضح رہے اس سے قبل بھی اسلم شاہ کے خلاف سرکاری افسران نے پیکا ایکٹ کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کروایا تھا جس پر متعلقہ عدالت نے اسلم شاہ کو پہلی پیشی پر ہی مقدمہ ختم کر کے باعزت بری کر دیا تھا ۔  اسلم شاہ واٹر کارپوریشن میں مبینہ کرپشن اور اس میں ملوث افسران و ملازمین کی میڈیا میں نشاندہی کرتے رہے ہیں ۔ میڈیا واٹر کارپوریشن کے کچھ افسران کی کرپشن کو پہلے ہی بے نقاب کر چکا ہے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں