سیاست ڈاٹ پی کے کا دفتر بند، ملازمین فارغ۔۔۔

آن لائن فورم سیاست ڈاٹ پی کے کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ادارے نے اسلام آباد میں اپنا دفتر 14 سال بعد بند کر دیا ہے اور کچھ ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ادارے کو معاشی مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دفتر بند کیاگیا۔۔سیاست ڈاٹ پی کے  کے مالک عدیل حبیب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اس حوالے سے بتایا ہے کہ ۔۔دو ہزار نو میں جب یہ پلیٹ فارم شروع کیا تو کافی عرصے تک میں اکیلا ہی اس پر کام کرتا رہا۔ پھر آہستہ آہستہ ٹیم بنی، لوگ جڑے، اور یہ سفر بڑھتا گیا۔ گزشتہ چند سالوں میں ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا — ویب سائٹ بلاک ہوئی، میرے خلاف مقدمات کھولے گئے، اثاثے فریز ہوئے، اور مختلف طرح کے دباؤ ڈالے گئے — لیکن الحمدللہ نہ میں پہلے پیچھے ہٹا تھا، نہ اب پیچھے ہٹنے والا ہوں۔بدقسمتی سے حالیہ حالات کی وجہ سے پاکستان میں موجود وہ لوگ جو میرے ساتھ کام کرتے تھے، شدید دباؤ اور خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کی فیملیز، ان کے بچے، اور ان کی روزمرہ زندگی داؤ پر لگ جاتی ہے، اور ایسے ماحول میں ان کے لیے اسی رفتار سے کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہتا۔میں ان کے فیصلے کو مکمل طور پر سمجھتا ہوں اور ان کی مجبوریوں کا احترام کرتا ہوں۔اسی وجہ سے سیاست ڈاٹ پی کے کے اسلام آباد آفس کو بھی مزید جاری رکھنا ممکن نہیں تھا، اور اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پچھلے دو سال سے مجھے اندازہ تھا کہ حالات کس سمت جا رہے ہیں، اسی لیے میں نے پہلے ہی سے ملک سے باہر ایسی ٹیم تلاش کرنا شروع کر دی تھی جو محفوظ ماحول میں رہ کر اس کام میں میرا ساتھ دے سکے۔ الحمدللہ میں خود بھی فوٹو شاپ سے لے کر ویڈیو ایڈیٹنگ تک زیادہ تر کام کر لیتا ہوں، اس لیے یہ سفر رکے گا نہیں۔پاکستان کے لیے آواز اٹھانا ہمارا حق بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی، اور ان شاء اللہ یہ مشن زندگی بھر جاری رہے گا — چاہے میں اکیلا ہی کیوں نہ رہ جاؤں۔آخر میں، میں اپنے اُن تمام ساتھیوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اس پلیٹ فارم کی خدمت کی۔ ان کے لیے ہمیشہ اس گھر کے دروازے کھلے رہیں گے، اور جب حالات بہتر ہوں گے تو ان شاء اللہ انہیں دوبارہ خوش آمدید کہا جائے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں