سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایس پی آر اے) کا سالانہ عام اجلاس کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو ایسوسی ایشن کے آئین کے تحت طلب کیا گیا تھا۔جنرل کونسل اجلاس میں 92 فیصد ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تنظیم کے خزانچی وکیل راؤ نے تلاوت کی سعادت حاصل کی جس کے بعد جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھائی۔ارباب چانڈیو نے ایس پی آر اے کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔جنرل کونسل اجلاس کے دوران ممبران منیر ساقی، فقیر سلیم، شبیر لاشاری، اقتدار انور، عاطف حسین سمیت دیگر ارکان نے ایس پی آر اے کے موجودہ عہدیداران پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی کہ موجودہ باڈی کو آئندہ دو سال کی مدت کے لئے منتخب کیا جائے۔یہ تجویز باقاعدہ رائے شماری کے ذریعے منظور کی گئی، جس کا ریکارڈ اجلاس کی کارروائی میں شامل کیا گیا۔ہال میں موجود تمام ارکان نے یک زبان ہو کر اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ ایسوسی ایشن کے تقریبا تمام ارکان کی دلی خواہش ہے کیونکہ موجودہ عہدیداران نے تنظیم کی بہتری اور ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے۔مجوزہ تجویز کی سینیر رکن عاجز جمالی، قاری عبدالجبار ناصر سمیت دیگر ارکان نے بھرپور حمایت کی اور کہا کہ ایس پی آر اے محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک فیملی کی طرح ہے۔ موجودہ عہدیداران نے تنظیم کے اندر ایسا زبردست ماحول پیدا کردیا ہے کہ سب ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہوتے ہیں۔ رائے شماری کے نتائج کو جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ نے باقاعدہ منظور شدہ کارروائی میں درج کیا اس موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا باقاعدہ ووٹنگ کے بعد صدر کامران رضی، جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ، نائب صدر حمید سومرو، جوائنٹ سیکریٹری ارباب چانڈیو، سیکریٹری اطلاعات دودو چانڈیو، خزانچی وکیل راؤ اور آفیس سیکریٹری سنجے سادھوانی کو آئندہ دو سالہ مدت کے لئے منتخب کرلیا گیا۔ اس موقع پر صدر ایس پی آر اے کامران رضی نے بھرپور اعتماد پر تمام ارکان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم اپنے ممبران کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔کامران رضی نے ممبران کی ہیلتھ انشورنس، آئندہ ماہ نومبر میں سالانہ پکنک اور ممبران کے نئے کارڈز کے اجراء کا اعلان بھی کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ پارلیامانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔صحافت معاشرے کی آنکھ اور جمہوریت کی بنیاد ہے، سندھ کے صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا، سندھ پارلیامانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، سندھ پارلیامانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب قیادت پر اراکین کا اعتماد خوش آئند ہے، کامیاب عہدیدار صحافت کے وقار، اتحاد اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں گے،مثبت اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔
