سعدیہ کمال کا پریس کلب گولارچی کا دورہ۔۔

ملک گیر صحافتی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) ورکرز کی صدر اور اسلام آباد پریس کلب کی سابقہ سینئر نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے پریس کلب گولاڑچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی صحافیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز ملک بھر میں گراس روٹ لیول تک متحرک انداز میں کام کر رہی ہے اور یہ واحد صحافتی تنظیم ہے جس کی مرکزی قیادت پاکستان کے ہر شہر میں نہ صرف باقاعدہ دورے کر رہی ہے بلکہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے منظم اور مؤثر کردار بھی ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جہاں صحافتی اداروں میں ڈاؤن سائزنگ کے باعث صحافیوں کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے، وہاں نوجوان صحافی سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے نہ صرف اپنے مسائل اجاگر کر سکتے ہیں بلکہ اسے باعزت روزگار کا ذریعہ بھی بنا سکتے ہیں۔دورے کے دوران ڈاکٹر سعدیہ کمال نے گولاڑچی پریس کلب کی لائبریری کا بھی معائنہ کیا اور اپنی تصنیف “تریمت کتھا” پریس کلب کو بطور تحفہ پیش کی۔اس موقع پر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی حمیدالرحمان بھی ڈاکٹر سعدیہ کمال کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے فری لانس صحافت اور صحافیوں کے لیے منعقد کی جانے والی ورکشاپس سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔بعد ازاں پریس کلب کے صدر مہرالدین مری، جنرل سیکریٹری ممتاز میمن، سینئر صحافی مرتضیٰ میمن،ملک طارق اعوان، سابق صدر اعجاز زئی، اعظم کھوکھر، رضا آکاش، عرفان گجر، فیض عالم آزاد، مصطفیٰ ٹالپر، سائل بخش، صالح نوحانی، دل مراد مری،ناصر جت و دیگر صحافیوں نے ڈاکٹر سعدیہ کمال کی پریس کلب آمد پر سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک پیش کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں