اداکارہ علیزے شاہ نے ایک بار پھر خود پر پلاسٹک اور میک اپ سرجری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حوالے سے وہی لوگ باتیں کرتے ہیں جو ان سے ذاتی میسیجز میں ان سے خوبصورتی کا راز پوچھتے ہیں۔علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان پر سرجری کے الزامات لگانے والے لوگ ہی ان سے نجی پیغامات میں آکر پوچھتے ہیں کہ ان کا چہرہ کیسے پتلا ہوا اور وہ اتنی پتلی کیسے ہوئیں؟انہوں نے کسی کا نام لکھے بغیر طنزیہ انداز میں لکھا کہ جو ان کی طرح دکھ نہیں سکتے یا ان جیسا ہو نہیں سکتے تو یہ ان کی اپنی غلطی ہے، اداکارہ کی نہیں۔علیزے شاہ نے سرجریز کے الزامات لگانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ سچ بولا کریں، صرف وہ لوگ ہی دوسروں کا نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جو خود اندر سے بدصورت ہوتے ہیں، اس لیے سچ بولا کریں، کسی پر الزامات نہ لگایا کریں۔علیزے شاہ پہلے بھی خود پر پلاسٹک سرجریز کے الزامات مسترد کر چکی ہیں اور دعویٰ کر چکی ہیں کہ ان کی خوبصورتی قدرتی ہے۔مئی 2025 میں انہوں نے ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ خدا کے واسطے انہیں معاف کردیا جائے، انہوں نے کوئی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی، انہیں اکیلا چھوڑا جائے، انہوں نے صرف کچھ وزن کم کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی شکل تھوڑی بدلی ہوئی لگتی ہے۔اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جب شوبز انڈسٹری میں آئی تھیں، تب صرف 17 سال کی تھیں اور اب ان کی عمر 24 سال ہوچکی ہے، جس وجہ سے ان کے چہرے اور جسامت میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں، جس پر ان پر سرجریز کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ان کی جانب سے وضاحت کرنے سے قبل اداکارہ صبا فیصل نے ایک ٹی وی پروگرام میں مختلف اداکاراؤں کی ظاہری تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ علیزے شاہ صرف 20 فیصد قدرتی لگتی ہیں، باقی سب کچھ بناوٹی محسوس ہوتا ہے۔
