سجاف کے انتخابات کروانے کی بجائے عہدوں کی بندر بانٹ کی کوشش

 سوموار 30 جون 2025 کو پانچ رکنی ایڈہاک کمیٹی سجاف (سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن فیصل آباد) کے ممبر/کوآرڈینیٹر مسٹر جمیل سراج نے اقبال سٹیڈیم میں ایڈہاک کمیٹی سجاف کا اجلاس بلایا ۔ اس اجلاس میں دیگر ایڈہاک کمیٹی ممبرز نسیم شاہ اور شہروز عباد کے علاوہ سجاف ممبرز عبدالماجد ، ردا سندھو ، ارسلان درانی ، قدیر سکندر اور صداقت شاہ کو کالز کر کے اور وٹس ایپ پر میسیج کر کے بلایا گیا ۔ اس کے برعکس مجھے ایڈہاک کمیٹی کا ممبر ہونے کے باوجود مسٹر جمیل سراج نے جان بوجھ کر اس اجلاس کی اطلاع نہ دی ۔ انہوں نے اجلاس میں معزز ممبرز کے سامنے جھوٹ بولا کہ وہ میرے دفتر گئے تھے اور میں نہیں ملا ۔ حالانکہ دوسرے ممبرز کی طرح وہ مجھے بھی کال کر کے اطلاع دے سکتے تھے ۔ مسٹر جمیل سراج نے اس اجلاس میں ایڈہاک کمیٹی ممبرز کو سجاف ممبر شپ لسٹ کی کاپیاں بھی فراہم نہیں کیں ۔ اس سے قبل گزشتہ روز ممبرشپ لسٹ کی متفقہ منظوری کی فیک نیوز پر مبنی پریس ریلیز بھی جاری کی گئی حالانکہ کسی بھی ایڈہاک کمیٹی ممبر کو قبل ازیں نہ تو ممبرشپ لسٹ دکھائی گئی اور نہ کسی سے سجاف ممبرشپ لسٹ کی منظوری لی گئی تھی بلکہ فرد واحد نے نان جرنلسٹ اور نان پروفیشنل افراد کی بھرمار کے ساتھ چوری ممبر شپ لسٹ بنائی ۔ اس اجلاس میں شریک معزز ممبرز کو الیکشن کے انعقاد پر متفق کرنے کی بجائے نامزدگی کا غیر آئینی طریقہ اختیار کرتے ہوئے عہدے دینے کا لالچ بھی دیا گیا ۔ کسی کو نائب صدر ، کسی کو جنرل سیکرٹری ، کسی کو خزانچی ، کسی کو انفرمیشن سیکرٹری  اور کسی کو جوائنٹ سیکرٹری بنانے کا خواب دکھایا گیا ۔اجلاس میں شرکت کرنے والے پانچ معزز ممبرز نے اس صورتحال پر تشویش اور تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے ۔ مسٹر جمیل سراج کے یہ تمام تر اقدامات سراسر بدنیتی اور بے ضابطگی پر مبنی ہیں جس سے سپورٹس جرنلسٹس کی جگ ہنسائی اور استحصال ہو رہا ہے ۔ ان وجوہات کی بنا پر موجودہ باڈی کے زیرانتظام سجاف کا کوئی بھی اجلاس اور الیکشن سراسر غیر آئینی ہو گا ۔ فیصل آباد کے پروفیشنل اور ورکنگ جرنلسٹس پر مشتمل سجاف کی شفاف ممبرشپ ابھی نئے سرے سے کی جا رہی ہے ۔ جلد ہی ممبرشپ مکمل کر کے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ان شاء اللہ ۔ (قمرالزمان بٹ ،ممبر ایڈہاک کمیٹی سجاف )

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں