حکومت صحافیوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرے، پی ایف یوجےورکرز۔۔

ملتان اور اس کے گردو نواح میں سیلابی پانی اور بارشوں سے ہونے والی تباہی سے متاثر ہونے والے صحافیوں اور شہریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) کی صدر ڈاکٹر سعد یہ کمال نے آر آئی یو جے ورکرز) کے جنرل سیکریٹری حمید اللہ عابد اور دیگر کے ہمراہ ملتان اور اس کی تحصیل جلال پور اور شجاع آباد کے دورے کئے اور وہاں ملتان یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) کے عہدیداروں سمیت دیگر ممبران و صحافیوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر ملتان یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) کے چیئر مین ایاز علی شیخ، سر پرست اعلی عمر فاروق ، صدر محبوب حسین چغتائی سینئر نائب صدر جے آر گرامی ، جنرل سیکریٹری عبد اللہ انجم ، جوائنٹ سیکریٹری ملک محبوب، فنانس سیکریٹری سرفراز علی، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ریاض حسین بیگ و دیگر نے ان کا استقبال کیا ، پریس کلب ملتان میں ایم یوجے ( ورکرز ) کے عہدیداران و ممبران سمیت دیگر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعد یہ کمال نے کہا کہ جس طرح سیلابی پانی اور بارشوں سے ملتان اور اس کی تحصیلوں میں تباہی ہوئی ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ اس تمام صورتحال میں خود صحافی ، کیمرہ مین ، فوٹوگرافر اور ان کے اہل خانہ بھی شدید متاثر ہوئے اس کے باوجود ملتان اور دیگر تحصیل کے صحافیوں نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے دن رات کام کیا ہے اور اس تباہی کو نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک کے لوگوں کو دکھایا ، انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے اور جب بھی ایمر جنسی ہوتی ہے تو صحافی ، کیمرہ مین ، فوٹو گرافر اپنے تمام ذاتی مصروفیات چھوڑ کر کام میں جت جاتے ہیں جس کی پاداش میں انہیں خود بھی مشکلات اور اذیت سے گزرنا پڑتا ہے کیونکہ بد قسمتی سے ہمارے ادارے اپنے نمائندوں کو نہ تو مراعات دینے کو تیار ہیں اور نہ ہی کوریج کیلئے ضروری حفاظتی سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ ملتان اور اس کی دیگر تحصیل میں جس قدر صحافیوں نے جان پر کھیل کر کوریج کی ہے اس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے  ہیں کہ وہ خود صحافیوں کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کرے اور صحافیوں کو بنیادی سہولیات کے علاوہ ان کی ملازمتوں کو مستقل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں