hadiqa kiyani ka selaab mutasireen ko tohfa

حدیقہ کیانی کا سیلاب متاثرین کو تحفہ۔۔

معروف گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ لوگوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہوجانے والے ایک گاؤں میں نئے گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوگئی ہوں۔حدیقہ کیانی نے ستمبر 2022 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے وسیلہ راہ نامی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے۔حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر وسیلہ راہ مہم کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیاء کی فراہمی کی تھی جس کے بعد انہوں نے متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔حدیقہ كیانی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اعلان كیا كہ اللہ كے فضل اور آپ سب كی مدد سے ہم نے اپنا مقصد حاصل كرلیا ہے، میں نے گزشتہ سال بلوچستان كی عوام، اپنی ماں اور اپنے ملک سے جو وعدہ كیا تھا وہ اب پورا ہوگیا ہے۔انہوں نے مزید لكھا كہ ہمارا ابتدائی ہدف 200 گھر تعمیر كرنے کا تھا، لیکن آپ سب كی دعاؤں، عزم، محنت کے ذریعے اب ہم نے بلوچستان كے علاقے نصیر آباد كے گاؤں ٹمبو اور کنڈی میں 370 گھر، 2 مساجد، 2 زچگی مراکز، ایک سکول، اور ایک گروسری سٹور تعمیر كرلیا ہے، اس منصوبے میں گزشتہ سال کے دوران جمع کیے گئے تمام فنڈز استعمال کیے گئے ہیں۔حدیقہ كیانی نے ایک اور انسٹاگرام سٹوری پر عوام كے تعاون كا شكریہ ادا كرتے ہوئے لكھا كہ میں ان لوگوں كی بہت شكر گزار ہوں جنہوں نے اس مقصد کو حاصل كرنے كے لیے میرا ساتھ دیا، ادویات، طبی سامان، پانی، خوراک، كپڑے اور راشن كے ساتھ ساتھ بچوں كے لیے كچھ تحائف سیلاب متاثرین كو عطیہ كیے گئے ہیں۔گلوکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں صاف پانی کے پلانٹس اور سولر پینلز لگانے کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں تاکہ خطے کی پائیداری اور وسائل کے کم سے کم ضیاع کو یقینی بنایا جا سکے۔اداكارہ نے فالو اپ ویڈیو بنانے كی بھی یقین دہانی كروائی، تاہم حدیقہ کیانی نے واضح کیا کہ اب یہ مہم ختم ہو چکی ہے اور وہ ابھی مزید عطیات جمع نہیں کر رہیں۔حدیقہ كیانی نے انسٹاگرام پر اپنے بلوچستان كے دورے كی ویڈیو شئیر كی، ویڈیو كے كیپشن میں انہوں نے لكھا كہ ایسا استقبال میں کبھی نہیں بھولوں گی جہاں مجھے لوگوں كی بے پناہ محبت اور احترام ملا، میں ان خوبصورت یادوں كو كبھی نہیں بھولوں گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں