کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدرطاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری اور مجلس عاملہ کے دیگر اراکین نے جی ٹی وی میں صحافیوں اورمیڈیا ورکرز کی اچانک برطرفیوں اور چھانٹیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔کے یوجے کی جانب سے جاری ایک مذمتی بیان میں ان کاکہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف کارکنان کے معاشی استحصال کے مترادف ہے بلکہ صحافت کے ادارتی اور پیشہ ورانہ اصولوں کے بھی منافی ہے۔ درجنوں ملازمین کو بغیر کسی پیشگی اطلاع یا بقایا جات کی ادائیگی کے نکال دیا جانا میڈیا اداروں میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ صحافی پہلے ہی معاشی بحران اور بڑھتے دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں اچانک برطرفیاں ان کے گھروں کے چولہے بجھانے کے مترادف ہیں۔ یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی وی انتظامیہ فوری طور پر برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال کرے، واجبات ادا کرے اور کسی بھی فیصلے سے قبل متعلقہ نمائندہ تنظیموں کو اعتماد میں لے۔کے یوجے نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا اداروں میں مزدور دشمن پالیسیوں اور غیر قانونی برطرفیوں کا نوٹس لیں، تاکہ صحافی برادری کو معاشی اور پیشہ ورانہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یونین نے واضح کیا کہ وہ اپنے ارکان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی اور چینل کے دفتر کے سامنے احتجاج سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ کے یوجے نے سندھ حکومت اور وفاق سے مطالبہ کیا کہ جی ٹی وی سے اچانک درجنوں صحافیوں، میڈیا ورکرز کی برطرفیوں پر چینل کے اشتہارات فوری بند کئے جائیں اور برطرف ملازمین کے تمام واجبات فوری ادا کئے جائیں۔
