کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے جنگ لاہور سے درجنوں ملازمین کی برطرفیوں اور روزنامہ آواز کو بند کئے جانے کی سخت مذمت کرتےہوئے اس فعل کو ادارے کی جانب سے ملازمین کا معاشی قتل قرار دیا ہے، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے برسوں سے کام کرنے والے ملازمین کی اچانک برطرفیاں نہ صرف غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں بلکہ یہ صحافی برادری میں بے چینی پھیلنے کا بھی باعث ہیں، ایسے وقت میں جبکہ جنگ گروپ حکومت کی جانب سے اشتہارات کی مد میں بھاری رقوم وصول کررہا ہے، یوں صحافیوں کو بے روزگار کرنا انتہائی قابل مذمت ہے، کے یو جے دستور نے جنگ گروپ کی انتظامیہ پر زور دیا ہے وہ اپنا غیر منصفانہ فیصلہ واپس لے تاکہ صحافی برادری میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے وگرنہ کے یو جے دستور ادارے کی جانب سے جاری کارکنوں کے معاشی قتل کے خلاف سخت لائحہ عمل اختیار کرے گی۔
