پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سیکرٹری جنرل وصدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہاہے کہ روزنامہ آواز کی بندش اور روزنامہ جنگ سے کارکن صحافیوں اور میڈیا ورکرزکو بیک جنبشِ قلم بے روزگار کردیا گیا، جنگ گروپ نے نہ صرف سینکڑوں خاندانوں کو معاشی قتل کیا بلکہ اخباری صنعت اور لیبر کے تمام مروجہ قوانین کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے، جنگ مینجمنٹ یہ اقدام میڈیا انڈسٹری کو معاشی بحران کی جانب دھکیلنے کا باعث بن سکتا ہے جس پر وزارت اطلاعات کو فوری طور پر مداخلت کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کی جانب سے روزنامہ آواز کی بندش اور جنگ سے صحافیوں اور میڈیاورکرز کی برخاستگی پرہونے والے بائیکاٹ کے دوران سپیکر کی جانب سے ملاقات کے لئے آنے والی ارکان اسمبلی کی کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس سے پہلے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی نے روزنامہ آواز کی بندش اور روزنامہ جنگ سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی برخاستگی پر صوبائی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا ۔ بائیکاٹ میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سیکرٹری جنرل اور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے سیکرٹری جنرل قمر الزمان بھٹی، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر ، راؤ دلشاد، عائشہ صغیر، نواز طاہر، محبوب عالم سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ صحافیوں کے احتجاج کے خاتمے کیلئے سپیکر کی جانب سے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت روزنامہ آواز کی بندش اور روزنامہ جنگ سے صحافی کارکنوں کی جبری برخاستگی پر صحافی برادری کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کمیٹی کو صحافیوں کے مطالبات سے آگاہ کیا۔ کمیٹی کے یقین دلانے پر کہ روزنامہ آواز کی بندش اور جنگ سے کارکنوں کی برخاستگی کے معاملے کو ایوان میں فوری اٹھایا جائے گا صحافیوں نے احتجاج ختم کیا۔ ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری نے کہا کہ حکومت ورکنگ جرنلسٹوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے روزنامہ آواز کی بندش اور جنگ سے میڈیا ورکرز سمیت کارکنوں کی برخاستگی پر صحافی برادری کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں صحافیوں نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے اسمبلی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور روزنامہ آواز کی بندش اور جنگ گروپ میں 170 سے زائد بے روزگار کئے گئے صحافیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت روزنامہ آواز کی بندش کی مذمت کرتی ہے اور جنگ سے نکالے گئے ورکرز کی مکمل حمایت کرتے ہیں، برطرف ملازمین کے حقوق کیلئے وزیراعلی پنجاب سے خود رابطہ کروں گی۔
