جنگ جیوکے دفاتر کے گھیراؤ کی دھمکی۔۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے روزنامہ جنگ اور آواز کی انتظامیہ کی طرف سے کارکنوں کو دو ماہ کی تنخواہیں بر وقت ادا نہ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے جنگ ، جیو ، 365 نیوز اور سنو نیوز سمیت ایسے تمام اداروں کو متنبہ کیا ہے جہاں کارکنوں کو تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی نہیں کی جا رہی اور ان کا بدترین معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پی یو جے کی ایگزیکٹو کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ روزنامہ جنگ ، جیو کی انتظامیہ نے اگر کارکنوں کو 4 جون تک تنخواہ ادا نہ کی تو ان کے دفاتر کا گھیراؤ اور تالہ بندی کی جائے گی ۔ صدر پی یو جے میاں شاہد ندیم نے جنگ گروپ کی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس میر شکیل سمیت استحصالی مافیا کو اپنی عیاشی کیلئے کارکنوں کے دستر خوانوں سے روٹی نہیں چھینے دیں گے، یہ سیٹھ مافیا اربوں کے اشتہارات وصول کر رہا ہے لیکن ان کے اداروں میں کام کرنے والے کارکن بروقت تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ عید کے موقع پر جنگ گروپ بجائے اس کے کہ کارکنوں کو اضافی تنخواہ دیتا ان کی دو ماہ کی تنخواہیں دبائے بیٹھا ہے۔ ایسا رویہ کسی صورت نہیں چلے گا ۔ 4 جون تک تنخواہیں ادانہ کی گئیں تو جنگ جیو کے دفاتر کا گھیراؤ اور تالہ بندی کریں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں