اداکارہ و ٹی وی میزبان مایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ان کی شادی کی زیادہ تر تصاویر جعلی ہیں، وہ تصاویر ان کے نکاح کی ہیں اور جن سے ان کا نکاح ہوا تھا، ان سے شادی نہیں ہوئی تھی۔مایا خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد سفیر تھے اور ان کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ بہت کم عمر تھیں اور ان کے بڑے بھائی ان کے والد کی طرح تھے۔اداکارہ و ٹی وی میزبان نے پروگرام کے دوران بتایا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی وائس اوور آرٹسٹ تھیں اور اس وقت وہ پاکستان ٹیلی وژن میں بھی وائس اوور کیا کرتی تھیں، پھر انہیں وہی بچوں کے سوال و جواب کا پروگرام کرنے کو کہا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں ہی پی ٹی وی میں کام کرنے کے بعد وہ کئی سال تک میڈیا سے دور رہیں لیکن پھر انہوں نے بطور ٹی وی میزبان کام شروع کیا۔مایا علی خان کا کہنا تھا کہ 2012 ء میں ان کے ایک شو کی وجہ سے تنازع ہوا اور وہ جیسے ہی شو کرکے گھر واپس آئیں تو سوشل میڈیا پر انہیں نکالنے کا لیٹر وائرل ہوا اور چند ہی دن میں ملک سمیت بیرون ممالک کی اخبارات میں ان سے متعلق خبریں شائع ہونا شروع ہوگئیں اور ان پر خوب تنقید کی گئی۔اُس وقت مایا خان ایک ٹی وی کے لیے مارننگ شو کیا کرتی تھیں، جس دوران انہوں نے ایک شو میں پارکس میں بیٹھے لڑکے اور لڑکیوں پر چھاپہ مارکر انہیں براہ راست دکھایا تھا، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دہائی بعد اب وہ دوبارہ ٹی وی اسکرین پر نظر آنے لگی ہیں اور انہوں نے 10 سال کے دوران کئی مشکلات دیکھیں۔جن دنوں میں ان کے مارننگ شو پر تنازع ہوا، ان ہی دنوں میں امریکا میں مقیم ان کے بھائی میں کینسر کی تشخیص ہوئی اور وہ ان کے تنازعات کی خبریں دیکھنے اور سننے کے بعد چل بسے۔اسی دوران انہوں نے بتایا کہ 2011 ء میں ان کا نکاح ہوگیا تھا لیکن بدقسمتی سے جس شخص کے ساتھ ان کا نکاح ہوا، ان سے شادی نہیں ہوسکی اور بعض وجوہات کی وجہ سے ان سے رخصتی سے قبل ہی طلاق ہوگئی۔انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ پر ان کی شادی کی وائرل ہونے والی زیادہ تر تصاویر ان کے نکاح کی ہیں لیکن انہیں شادی کی بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اس لیے وہ تصاویر پھیلانا بند کی جائیں۔مایا خان نے بتایا کہ انہوں نے دوسرے شخص سے شادی کی تھی اور اب تیسری بار شادی کرنے کا فی الحال ان کا کوئی ارادہ نہیں۔اس سے قبل گزشتہ برس ایک انٹرویو میں مایا خان نے بتایا تھا کہ جن سے رخصتی کے بغیر ان کی طلاق ہوئی تھی، اس کے بعد انہوں نے دوسرے شخص سے شادی کی تھی اور ساتھ ہی اعتراف کیا تھا کہ ان کا شادی کرنے کا فیصلہ غلط تھا۔انہوں نے بتایا کہ جس شخص سے انہوں نے شادی کی، انہوں نے انہیں بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، ان کی تضحیک کی اور پھر ان سے بھی ان کی طلاق ہوگئی۔مایا خان نے اپنے دونوں انٹرویوز میں سابق شوہروں سے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں بتائی تھیں اور واضح طور پر طلاقوں کا سبب بھی نہیں بتایا تھا۔