بعض عناصر آزادی صحافت کی آڑ میں ذاتی مقاصد چاہتے ہیں، پی یوجے۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد آزادی صحافت اور قلم مزدوروں کے حقوق کا دفاع کرنا ہے ۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے واضح کیا ہے کہ ہم آج بھی جناب منہاج برنا اور جناب شارعثمانی کے نظریات کی روشنی میں میدان عمل میں موجود ہیں۔ پی یوجے کا مقصد کسی ایسی غیر قانونی سرگرمی یا پھر معاشرے میں خرابی پیدا کرنے والے عناصر کی پشت پناہی یا حمایت نہیں ، اور نہ ہی پی یو جے کسی مافیا کا حصہ ہے ۔ جہاں انسانی حقوق یا آزادی اظہار رائے پر قدغن کا معاملہ سامنے آئے گا ہم ہر ظالم اور استحصالی طبقے سے ٹکرا جائیں گے۔ چشم فلک نے بار ہا دیکھا ہے کہ آمریت میں لپٹی جمہوریت ہو یا پھر جمہوریت کے لبادے میں غاصبانہ سوچ رکھنے والے حکمران ، ہم نے ہمیشہ اپنے حقوق کا مقدمہ جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ اہل صحافت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں چپقلش آزادی صحافت سے تعلق رکھتی ہے ہم اس کی حمایت نہیں کرتے ۔ موجودہ حالات میں بعض عناصر آزادی صحافت کی آڑ لے کر اپنے ذاتی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جو بذات خود صحافت جیسے پیشے کیلئے قابل قبول نہیں ۔ اسی طرح گزشتہ دنوں ایک منشیات فروش کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا اس کا شوبز رپورٹر کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔ ہم سجھتے ہیں کہ اگر کسی صحافی کا بھائی قمار بازی، قحبہ خانہ یا پھر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے تو اسکے خلاف لازمی کار روائی ہونی چاہئے ۔ یہ نہ تو آزادی صحافت کا مسئلہ ہے اور نہ ہی یہ ہمارے اسلاف کی روایت ہے کہ ہم جرائم پیشہ عناصر کی حمایت میں آزادی صحافت کو بہانہ بنا کر کوئی جعلی تحریک شروع کریں ۔ پی یو جے کی ایگزیکٹو کونسل واضح کرتی ہے کہ ہم جناب منہاج برنا اور جناب شمار عثمانی کی روایت کے علمبردار ہیں اس لئے کسی بھی ایسی سرگرمی جس کا مقصد معاشرے میں خرابی پیدا کرنا اور قانونی شکنی ہو ، اس کی حمایت نہیں کرتے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی ایسی تنظیم سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں جو انسانی حقوق ، آزادی اظہار رائے اور قلم مزدوروں کے حقوق کے بجائے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے صحافتی تنظیم کا نام استعمال کرے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں