پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے اسرائیل افواج کی طرف سے ایران کے سرکاری ٹی وی کی نشریات کے دوران حملہ کو آزادی صحافت پر سنگین حملہ اور اسے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ شہری آبادیوں، ہسپتال اور میڈیا ہائوسز ،صحافیوں پر حملے اور انہیں نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل کی طرف سے ایران کے سرکاری میڈیا ہائوس کو نشانے کا نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیل کو اس معاملہ پر ہرجانہ کرنا اور اسے سنگین جنگی جرم قرار دینا چاہیے ۔پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران صحافیوں کو ٹارگٹ کرنا اور انہیں جاں بحق کرنا صہیونی ریاست کا معمول بن چکا ہے۔ غزہ میں اسرائیل نے درجنوں صحافیوں کو لقمہ اجل بنایا اور اب ایران پر حملہ کے دوران سرکاری ٹی وی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے یواین او سے ان سنگین خلاف ورزیوں کا جنگی جرائم کے تحت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اسرائیلی حکام سے اس کی معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
