الیکٹرانک میڈیا کا دور ختم ہوچکا۔۔

تحریر: سہیل شبیر۔۔

( افسوسناک )

میڈیا انڈسٹری کا ایک اور ( بیچارہ ) فہد دنیا فانی سے کوچ کرگیا۔۔بیچارہ اس لئے کہا کہ جس کے لئے وہ کام کرتا تھا ( میڈیا مالکان ) جس کے ساتھ وہ کام کرتا تھا ( مینجمنٹ ) اور جس کے آسرے پر وہ کام کرتا تھا ( صحافتی تنظیمیں ) وہ سارے کے سارے اس کے اپنے نہیں تھے !! سب اسکو استعمال کئے جارہے تھے اتنا استعمال کیا کہ وہ اپنے اصل مقصد ( بیوی بچوں کی کفالت اور انکی تعلیم تربیت ) سے دور ہوگیا میڈیا کی جھوٹی شان وشوکت میں ایسے آیا کہ گھر کہ طرف توجہ نہ دی چند ٹکوں کی خاطر دن رات دھوپ چھاؤں سردی گرمی کچھ نہ دیکھا حتیٰ کہ زندگی کو موت کے قریب لے آیا

( تشویشناک )

 یہ ایک فہد نہیں اس سے قبل بے شمار میڈیا ورکرز اچانک موت کی وادی میں پہنچ چکے ہیں اور ہم انتظار میں ہیں اب کس کا نمبر ہے کس کی خبر آئیگی ! کیونکہ ہم سب میڈیا ورکرز ایسی جھوٹی دنیا میں آباد ہیں جہاں ہمیں تنخواہ ملے یا نہ ملے ! آفس میں بے عزت کیا جائے عوام سیاست دان اور بیوروکریٹس  سے ذلیل ہوتے رہیں مگر ہم میڈیا کی ہی جاب کرینگے دوسرا کوئی کاروبار یا نوکری نہ تلاش کرینگے نہ اس میڈیا کی فریبی دنیا سے باہر آئینگے ! چاہے ہمارے بچے بھوکے مر جائیں یا ہمارے اہلخانہ رشتداروں سے بھیک مانگتے رہیں ہم نے میڈیا کی جعلی دنیا میں رہنا ہے !! اور کیوں نہ رہیں اس فلیڈ میں رہتے ہو ہم کچھ سیلفیش بھی تو ہو گئے ہیں صبح گھر سے نکلتے ہیں آفس پہنچتے ہیں اسائمنٹ پر اچھا کھانا کھانے کیلئے مل جاتا ہے بڑے بڑے لوگوں سے مولاقات ہوجاتی ہے اے سی والی گاڑیوں میں گھومتے ہیں خاندان والوں کو بھرم بازی کرتے ہیں پولیس وغیرہ کو کسی کھاتے میں نہیں لاتے ! جب گھر آتے ہیں تو بتاتے ہیں تنخواہ نہیں ملی اگر ملی بھی تو اتنی ہے بس دس دن گزارا ہوسکتا ہے اور پھر دوسری صبح اور وہی روٹین

( غور طلب )

ہم کچھ نیا کیوں نہیں کرتے کوئی چھوٹا کاروبار نہیں ڈالتے ارے بھائی ہم ساری دنیا کے مسلے حل کراتے پھرتے ہیں تو اپنے لئے بھی کچھ کرلیں !  یہاں جواب ملے گا  کہ ہم نے میڈیا کے علاوہ کوئی کام کیا ہی نہیں ! بھائی اگر نہیں کیا ہے تو کرو ! بے موت مرنے سے بہتر ہے  پارٹ ٹائم آلو کے چپس ہی فروخت کرلو اوبر کریم یا پک اینڈ ڈراپ کی گاڑی ہی چلالو شاید میڈیا سے زیادہ پیسہ کما سکو ! بھائی سوشل میڈیا کا دور ہے ہم سارے بہت اچھا کانٹینٹ بنانا جانتے ہیں وی لوگنگ ہی کرلو !  آئی ٹی کی دنیا ہے چند ماہ کا کورس کریں ڈالرز میں پیسہ کمائیں ارے کچھ نہیں کرسکتے جس اسائمنٹ پر جارہے ہیں موبائل سے اسٹوریز ہی بنالیں اسکو اپلوڈ کریں مدد کی ضرورت ہو تو ایک دوسرے کو استعمال کریں جیسا کسی دوسرے کا کام نکالنے کے لیے بار بار فون کرتے ہیں اپنے لئے بھی فون کریں ابھی بھی وقت ہے !  الیکٹرونک میڈیا کا دور ختم ہوچکا ہے اپنا نیا ٹھکانہ تلاش کریں۔

نکل آئیں اس دکھاوے کی دنیا سے باہر اپنی زندگی اور بیوی بچوں کے بارے میں سوچیں۔۔(سہیل شبیر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں