اب سوال صحافیوں، میڈیا کی بقا کا ہے، کے یوجے۔۔

ملک میں صحافی اور میڈیا مخالف ایک لہر چلی ہوئی ہے، جس میں نشانہ صحافیوں کو بنایا جارہاہے۔ اب سوال میڈیا اور صحافیوں کی بقا کا ہے جس کے لئے ملک بھر کی صحافتی برادری کو متحد ہونا پڑے گا۔ اینکرپرسن امتیاز میر اور صحافی طفیل رند کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دینے تک یہ جہدوجہد نہیں رکے گی۔ ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا جن میں کے یوجے کے صدر طاہر حسن خان، پی ایف یوجے کے خازن لالہ اسد پٹھان، اسٹنٹ سیکریٹری جنرل جاوید چودھری ، ممبر ایف ای سی خورشید عباسی ، کے یوجے کے سابق صدر سرفراز احمد ، پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان، کے یوجے کے جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری ایپنک رہنما عبیدالدحمان، اینکرز کلب کے اختر شاہین رند اور دیگر  شامل تھے نے کیا۔ جب کہ امتیاز میر کے بھائی ریاض میر، ایوب میر اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پوری صحافی برادری شہید صحافیوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ احتجاج کی کال پاکستان یونین آف جرنلسٹس نے دی تھی۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک صحافیوں میں  ایکا نہیں ہوگا صحافی اسی طرح قتل ہوتے رہیں گے اور کسی بھی صحافی کا قتل آزادی صحافت پر حملہ ہوتا ہے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے شہید امتیاز میر کے بھائی ریاض میر نے انکشاف کیا کہ ہمارے بھائی کو قتل ہوئے بیس روز ہوگئے لیکن نامزد ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ مقررین نے احتجاج سے خطاب میں کہا کہ آج تک جتنے بھی صحافیوں کو شہید کیا گیا ان کے قتل کے محرکات سامنے لانے چاہئے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کسی زمانے میں خیبرپختونخوا صحافیوں کی مقتل گاہ ہوتا تھا لیکن اب سندھ میں صحافیوں کیلئے صورت حال بدتر ہوتی جارہی ہے۔ امتیاز میر اور طفیل رند کا قتل اب انتہا ہے، صحافی اب صرف احتجاج کرکے خاموش نہیں بیٹھیں گے، پولیس ایسے معاملات کو ذاتی دشمنی قرار دے کر مٹی ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہید صحافیوں کے صرف قاتلوں کو ہی نہیں ان کے سرپرستوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ حکمرانوں کو سوچنا ہوگا کہ صوفیوں کی سرزمین سندھ کو صحافیوں کی مقتل گاہ کیوں بنایا جارہاہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان نے آخر میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پریس کلب کے اطراف کے راستے سیل ہونے کے باوجود صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کے دوران شرکا نے زبردست نعرے بازی بھی کیا اور شہید صحافیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں