آج کل کے اداکارسینئرز سے چڑتے ہیں، سینئراداکارہ پروین اکبر۔۔

سینئر اداکارہ پروین اکبر نے کہا ہے کہ ماضی میں نوجوان اداکار اپنے سینئرز کو دیکھ کر ان کے احترام میں کھڑے ہوجاتے تھے، آج کل کے اداکار بڑوں کو دیکھ کر چڑتے ہیں۔پروین اکبر نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے بچوں کے اسکول پروگرام سے کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت وہ اسکول میں پڑھتی تھیں۔ان کے مطابق ان کی والدہ بھی ریڈیو پاکستان میں اناؤنسر تھیں، ان کے انتقال کے بعد انہیں ان کے کام پر رکھا گیا۔ایک سوال کے جواب میں پروین اکبر کا کہنا تھا کہ آج کل کی لڑکیوں کو شادی کا فیصلہ والدین پر چھوڑ دینا چاہیے، والدین اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیکن اگر کسی لڑکی کو کسی سے محبت ہوجاتی ہے تو وہ اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ جس شخص کو وہ پسند کرتی ہیں، وہ ان کی عزت کرتا ہو۔یک طرفہ محبت کو پروین اکبر نے بے وقوفی قرار دیا اور کہا کہ ایسی محبت کا کوئی فائدہ نہیں۔دوران پروگرام انہوں نے بتایا کہ شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد انہوں نے 18 سال تک شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔ان کے مطابق انہوں نے اولاد کی بہتر پرورش اور مستقبل کے لیے شوبز سے دوری اختیار کی اور انہیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ پروین اکبر کے مطابق پی ٹی وی کے زمانے میں وہ اپنے سینئرز کے احترام اور ادب کی خاطر کھڑے ہوجایا کرتے تھے لیکن سینئرز کو دیکھ کر برا منایا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج کل کے اداکار سینئرز کو دیکھ کر چڑتے ہیں، انہیں یہ احساس تک نہیں کہ کل کو وہ بھی سینئرز بنیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے اداکار غلطی سمجھانے پر بھی برا مناتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب آپ لوگ ہمیں سکھائیں گے اور سمجھائیں گے؟

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں