آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ کے گرد گھیرا تنگ۔۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ کے حالیہ ایپی سوڈ کو اسلام آباد میں قائم کونسل آف کمپلینٹس کو بھجوا دیا ہے، کیونکہ اتھارٹی کے مطابق اس نشریے میں ریاستی اداروں کے خلاف غیر تصدیق شدہ اور قابلِ اعتراض الزامات نشر کیے گئے تھے۔ اٹھارہ نومبر کو  نشر ہونے والے پروگرام، جس کی میزبانی منیزے جہانگیر  کر رہی تھیں، پروگرام میں مہمان محمود خان اچکزئی نے ریاستی اداروں کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت سے متعلق متعدد دعوے کیے۔ پیمرا کا کہنا ہے کہ یہ دعوے حقائق کے طور پر پیش کیے گئے، مگر ان کی تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی وہ اداراتی جانچ پڑتال سے گزارے گئے جو قوانین کے تحت لازم ہے۔ریگولیٹر کے مطابق، اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کی عسکری اسٹیبلشمنٹ نے ملک کے ابتدائی برسوں سے ہی سیاسی قیادت پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بعض سیاست دانوں کے ابھرنے میں کردار ادا کیا۔ پیمرا نے کہا کہ ایسے بیانات نہ تو ثابت تھے اور نہ ہی کسی شواہد کے ساتھ پیش کیے گئے، جس کی وجہ سے یہ نشری معیارات پر پورا نہیں اترتے۔مہمان نے مزید کہا کہ وہ ماضی میں بھی سیاسی رہنماؤں کو ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی پر مشتمل جامع قومی مکالمے کے انعقاد کی تجویز دے چکے ہیں۔ پیمرا کے مطابق یہ گفتگو بغیر مناسب ڈیلی میکانزم یا ادارتی نگرانی کے نشر کی گئی، حالانکہ حساس اور ممکنہ طور پر متنازع مواد نشر کرتے وقت براڈکاسٹرز کے لیے ایسے اقدامات لازمی ہوتے ہیں۔ اتھارٹی نے کہا کہ چینل بطور لائسنس ہولڈر پیمرا آرڈیننس 2002 اور الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کے تحت اس بات کا پابند تھا کہ نشریات میں انصاف، درستگی اور اداراتی رہنما اصولوں پر عمل یقینی بنایا جائے۔ پیمرا نے قرار دیا کہ اس ایپی سوڈ میں ضابطہ اخلاق کی شقوں 3(1)(i)(j)، 4(1)، 4(7)(a,b)، 4(10)، 17 اور 22 کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

پیمرا نے اب معاملہ مزید جائزے اور سفارشات کے لیے پیمرا آرڈیننس کی دفعہ 26 اور کونسل آف کمپلینٹس رولز 2010 کے رول 8(4) کے تحت کونسل آف کمپلینٹس کو بھجوا دیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں