ورلڈ کپ کی پاکستانی پریزنٹر زینب عباس نے انڈیا چھوڑا تو بھارتی وکیل وینیت جنڈال نے اسے بڑی فتح قرار دیدیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بھارتی وکیل وینیت جنڈال نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے زینب عباس کے انڈیا چھوڑنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے پاکستانی پریزینٹر کے بھارت چھوڑنے کی تصدیق کی تھی۔ آئی سی سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ زینب عباس نے ذاتی وجوہات پر بھارت چھوڑا، انہیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا۔زینب عباس کے قریب ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت میں ان کی حفاظت سے متعلق خدشات تھے، براڈکاسٹرز کے مشورے پر انڈیا چھوڑا۔واضح رہے کہ زینب عباس ورلڈ کپ پریزینٹر پینل میں شامل تھیں ، ان کے خلاف بھارت میں بے بنیاد پراپیگنڈہ مہم چلائی گئی۔ بھارتی وکیل وینیت جنڈال نے زینب عباس پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے۔ حتی کہ وینیت جنڈال نے زینب کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے کیلئے پولیس کو درخواست بھی دیدی تھی۔