معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر ذوالقرنین سکندر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ٹریڈنگ میں تقریباََ سوا دو کروڑ روپے کا نقصان کرچکے ہیں۔حال ہی میں ٹک ٹاکر ذوالقرنین سکندر نے اپنی اہلیہ کنول آفتاب کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی، یوٹیوب اور ٹک ٹاک کے بارے میں بات کی اور اسی پوڈکاسٹ میں ذوالقرنین سکندر نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے مالی نقصان کے بارے میں بھی بتایا۔ذوالقرنین سکندر نے کہا کہ میرا ایک دوست ٹریڈنگ سے پیسے کماتا تھا تو اُس نے مجھے بھی ٹریڈنگ کرنے کا مشورہ دیا، دوست کے مشورے پر میں نے اپنے بھائیوں کے ساتھ ملکر ٹریڈنگ پر پیسہ لگایا۔اُنہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کنول آفتاب ٹریڈنگ کے بالکل خلاف تھیں لیکن میں نے اُن کی ایک نہ سُنی اور اپنے دوست کے بتائے ہوئے راستے پر چل پڑا، جب ہم تینوں بھائیوں نے ملکر ٹریڈنگ پر پیسے لگائے تو شروع میں ہمیں 31 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ذوالقرنین سکندر نے کہا کہ جب پہلا نقصان ہوا تو میرے بڑے بھائی نے ٹریڈنگ پر پیسہ لگانے سے انکار کردیا اور کنول بھی بہت غصہ ہوئی، پھر میں نے اپنے دوست کو نقصان کے بارے میں بتایا تو اُس نے کہا کہ یہ تو ہوتا رہتا ہے، تُم مزید پیسہ لگاؤ تو تُمہیں لاکھوں ڈالرز کا فائدہ ہوگا۔ٹک ٹاکر نے کہا کہ دوست کی بات سُن کر مجھے لالچ آگئی تو میں نے اپنی اہلیہ کنول سے 30 لاکھ روپے مانگے لیکن کنول نے مجھے پیسے نہیں دیے کیونکہ اُنہیں معلوم تھا کہ جس طرح پہلے نقصان ہوا ہے، اُسی طرح دوبارہ بھی ہوسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جب اہلیہ نے رقم نہیں دی تو میں نے اپنے اکاؤنٹ کی ساری رقم ٹریڈنگ پر لگا دی اور ساتھ ہی میرے چھوٹے بھائی نے بھی اپنی جمع پونجی ٹریڈنگ پر لگا دی۔ذوالقرنین سکندر نے کہا کہ اُس کے بعد ہم عُمرہ کرنے چلے گئے، وہاں جاکر چھوٹے بھائی کا فون آیا اُس نے روتے ہوئے بتایا کہ ہماری ساری رقم ڈوب گئی ہے، اس طرح ہمیں سوا دو کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ٹک ٹاکر نے کہا کہ میں نے مدینہ میں اللہ تعالیٰ سے دُعا کی کہ میرے دل و دماغ سے ٹریڈنگ کی لالچ نکال دے کیونکہ میں مزید نقصان اور پریشانی برداشت نہیں کرسکتا تھا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے عُمرہ سے واپس آکر ہمیشہ کے لیے ٹریڈنگ چھوڑ دی اور پھر مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ ٹریڈنگ حرام ہے۔واضح رہے کہ 2021 میں کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کا نکاح ہوا تھا، 2022 میں کنول آفتاب کی رخصتی ہوئی تھی جبکہ سال 2023 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ٹک ٹاک پر کنول آفتاب کے 19.8 ملین فالوورز ہیں جبکہ اُن کے شوہر ذوالقرنین سکندر کے ٹک ٹاک پر فالوورز کی تعداد 16.7 ملین ہے۔دریں اثنا ماہانہ لاکھوں کمانے والے معروف پاکستانی یوٹیوبر معاذ صفدر کو 4 کروڑ کا بھاری نقصان ہوگیا۔معاذ صفدر نے اپنے یوٹیوب چینل ‘معاذ صفدر ورلڈ’ پر اپنا نیا وی لاگ اپلوڈ کیا جس میں اُنہوں نے اپنے بزنس میں نقصان کے بارے میں مداحوں کو بتایا۔یوٹیوبر کے مطابق اُنہوں نے اپنے تین مختلف بزنس ایک ساتھ شروع کردیے تھے جن میں سے دو بزنس تو اچھے چل رہے تھے جبکہ تیسرا بزنس مسلسل نقصان میں ہی جارہا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ میں نے سوات میں اپنا ریزورٹ بنایا تھا جس کا ماہانہ کرایہ 40 لاکھ تھا، مجھے لگا تھا کہ یہ بزنس اچھا چلے گا لیکن پاکستانی معیشت گِرنے اور ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے میرا یہ بزنس لگاتار نقصان میں رہا۔معاذ صفدر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں سیاحت کا رجحان کافی کم ہوگیا ہے، مہنگائی بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ گھومنے پھرنے نہیں جارہے، یہی وجوہات تھیں کہ میرے اس ایک بزنس میں اتنا بڑا نقصان ہوا۔یوٹیوبر نے کہا کہ زیرورٹ سے کمائی زیرو ہوئی لیکن میں ہر ماہ اس زیرورٹ کے کرائے اور دوسرے خرچوں میں پیسہ لگاتا رہا کیونکہ مجھے یہی اُمید تھی کہ شاید سیاحت بڑھ جائے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے دیگر دو بزنس سے جو پیسہ کمایا وہ بھی ریزورٹ پر لگادیا اور اس طرح مجھے 4 سے 5 کروڑ کا نقصان ہوگیا، میرے پاس جتنی بھی جمع پونجی تھی وہ سب نقصان میں چلی گئی۔واضح رہے کہ یوٹیوب پر معاذ صفدر کے 3.8 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں، معاذ صفدر نے سال 2022 میں صبا عباسی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔