(خصوصی رپورٹ)
پاکستانی شیف ’آمنہ‘ جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا سائٹ یوٹیوب کی ’کوئن‘ بن گئیں، اس کے قبل وہ ایک شرمیلی، بزدل اور ڈرپوک لڑکی کے طور پر پہچانی جاتی تھیں، آج ان کے یوٹیوب پر ایک عشاریہ 7 ملین سبسکرائبرز ہیں۔
آمنہ نے نہایت مہذب انداز سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا شروع میں اُنہیں ڈرلگتا تھا کہ پتہ نہیں لوگ اُن کے بارے میں کیا سوچیں گے، اُن کو پسند کریں گے یا نہیں وغیرہ لیکن دوسری جانب انہیں اپنی صلاحیتوں پربھی پورا بھروسہ تھا اسی لیے انہوں نے اپنے ڈر کو کبھی بھی سنجیدگی سےنہیں لیااور وہ سب کرتی چلی گئیں جو وہ کرنا چاہتی تھیں۔پاکستان کی پہلی یوٹیوب اسٹارشیف آمنہ نے ’دی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کیسے یوٹیوب پر آئیں اور چھا گئیں، وہ کیسے نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک مشہور شیف کے طور پر پہچانے جانے لگیں اور اس کے علاوہ انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق بھی بات کی۔ آمنہ نے بتایا کہ وہ یوٹیوب اسٹار شیف بننے سے قبل خود کو ہمیشہ کمزور اور بزدل سمجھتی تھیں، انہیں ہر وقت یہی پریشانی اور فکر رہتی تھی کہ لوگ اُن کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔
آمنہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں ایک ملین سبسکرائبرز ہونے پر یوٹیوب کی جانب سے ’گولڈن پلے بٹن‘ سے نوازا گیا ہے۔آمنہ کی بہن عائشہ جو کہ اُن کی یوٹیوب ٹیم کا حصہ ہیں انہوں نے ’دی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے والد ہمیشہ سے دونوں کے جاب کرنے کے حق میں نہیں تھے لیکن پھر کچھ ایسے حالات ہوگئے کہ انہیں مجبوراً کام کرنے کی ضرورت آن پڑی ،جس کے بعد دونوں بہنوں نے یوٹیوب پر ’کھانے‘ بنانے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس طرح انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
پاکستانی شیف آمنہ نے بتایا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی ویڈیو 2015 کےرمضان میں بنائی تھی اور وہ ایسے کہ وہ اور اُن کا بھائی بلال کچن میں فروٹ چاٹ بنا رہے تھےاسی دوران آمنہ نے مذاق میں بلال سے کہا کہ اس کی ویڈیو بناتے ہیں جس پر وہ فوراً مان گیا اور بعداز اس ویڈیو کو یوٹیوب پر اپ لوڈ بھی کردیا گیا۔انہوں نےمزید بتایا کہ وہ 2015 میں ایک نہایت معصوم، نادان، شرمیلی اور لوگوں سے بات چیت کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرنے والی لڑکی تھیں جبکہ آج وہ پہلے سے بلکل مختلف ہیں اور اس کا کریڈٹ وہ اپنے بھائی بلال اور یوٹیوب کو دیتی ہیں جنہوں نے اُن کی شخصیت کو تبدیل کردیا۔آمنہ نےبتایا کہ اُن کے اسٹار بننے میں اُن کے بھائی بلال کا بہت بڑا ہاتھ ہے کیونکہ اُن کے کھانے کی ویڈیو بنانے، اس کو ایڈیٹ کرنےاور اس کو اپ لوڈ کرنے کا کام بلال کے ذمے ہے جسے وہ نہایت ذمہ داری کے ساتھ کرتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کھانے بنانے کے دوران پیاز جل جاتی ہے، کبھی سبزی والے کی آواز بیک گرائونڈ میں آجاتی ہے کبھی کوئی غلطی ہوجاتی ہے تو کبھی کوئی لیکن اس کے باوجودجب تک بہترین شارٹ حاصل کرنے کے لیے وہ بار بار کوشش کرتی ہیں اور بلال بنا کچھ کہے ویڈیو بناتا رہتا ہے۔(بشکریہ دی نیوز)