kia sahafion ko fake news ki ijazat milni chahiye?

یوٹیوب پر لاکھوں کا بزنس ضائع۔۔

تحریر: سید بدرسعید۔۔

یوٹیوب پر موجود لاکھوں کی لوکل مارکیٹ ، جس کا بزنس ابھی تک کوئی نہیں اٹھا رہا۔۔اس سے قبل نیو میڈیا کے حوالے سے ایک تحریر لکھی تھی ۔ بنیادی طور پر اس کا مقصد نوجوانوں اور خاص طور پر موجودہ حالات میں معاشی حوالے سے مایوس ہونے والے ساتھیوں کو احساس دلانا تھا کہ نئی منزلون کا سفر ختم نہیں ہوتا اور جب ہم لیکر کے فقیر بننے کی بجائے نئی نہریں کھودنے لگتے ہیں تو پھر رزق بھی نئے در وا کر کے ہم سے آ ملتا ہے ۔ اسی تحریر میں اس درویش نے لکھا تھا کہ کس طرح ٹیم ورک کی مدد سے یوٹیوب پر آرگینک واچ ٹائم اور سبسکرائبر فراہم کیے جاتے ہیں اور بتایا تھا کہ اس میڈیم پر ابھی تک بہت سے آئیڈیاز باقی ہیں ۔ اس میں ایک پوائنٹ ایسا تھا جس پر کچھ دوستوں نے حیرت کا اظہار کیا ۔ میں نے لکھا تھا کہ صرف یوٹیوب پر ہی ہمارے پاس مکمل طور پر لوکل مارکیٹ کا اشتہار موجود ہے جس جانب کسی نے توجہ نہیں دی ۔ دوستوں نے سوال کیا کہ یوٹیوب پر چند شرائط یعنی مخصوص تعداد میں سبسکرائبرز اور واچ ٹائم مکمل ہونے پر گوگل کی جانب سے اشتہار ملتا ہے تو پھر یہ لوکل مارکیٹ والا کیا چکر ہے ۔ چونکہ میرا مقصد اس وقت مجموعی طور پر نوجوانوں اور محنتی لوگوں کو مایوسی سے نکالنا اور نئے راستوں کی جانب متوجہ کرنا ہے اس لئے سبھی سے کہا کہ اس پر الگ تحریر لکھ دوں گا ۔ سر! بات صرف اتنی سی ہے کہ ہم سب گوگل کے انتظار میں کیوں رہیں ؟اور اگر گوگل سے اشتہار لے لیں تب بھی مزید پیسے کمانے کا کیوں نہ سوچیں ۔لوکل مارکیٹ سے مراد وہی مارکیٹ ہے جہاں سے آپ اور میں خریداری کرتے ہیں ۔ ہم میں سے زیادہ تر کے یوٹیوب چینلز مقامی سطح کے ہیں ، یہ چینل دیکھتے بھی مقامی لوگ ہی ہیں ۔ یہ چینل اس خطے کے لئے ہوتا ہے اور اکثر تو بالکل علاقائی چینلز بھی ہیں ۔ تو کیا یہ ممکن نہیں کہ اپنے چینل پر ویوز ، لائیکس اور شیئرز حاسل کر کے آپ اور ہم مقامی کمپنیز ، دکانداروں اوربازاروں میں بیٹھے تاجروں سے رابطہ کریں ، انہیں بتائیں کہ ہمارے چینل کو مقامی سطح پر کتنے لوگ دیکھتے ہیں ، ہمارا کانٹنٹ ان کے کاروبار سے متعلقہ افراد کے لئے کتنی دلچسپی کا ھامل ہوتا ہے ۔ مثلاآپ کا کوکنگ چینل ہے تو آپ استعمال ہونے والا گھی ، مسالحہ اور دیگر اشیا سے سپانسر شپ کیوں نہیں لے سکتے؟ آپ یہ کیوں نہیں بتا سکتے کہ یہ سارا سامان خالص اور معیاری ہے جو کہ میں نے فلاں علاقے میں موجود رحیم جنرل سٹور سے خریدا ہے لہذا اچھی کوالٹی کا سامان خریدنے کے لئے ممکن ہو تو رحیم جنرل سٹور سے ہی خریدیں ۔ یا پھر اچھے ذائقہ کے لئے شان کا مصالحہ استعمال کریں اور صوفی کوکنگ آئل میں ہی پکائیں ۔ یہ سب لوکل اشتہار ہے جو یوٹیوب چینلز کو آسانی سے مل سکتا ہے ۔ آپ محلے کی دکانوں سے سپانسر شپ لیں ۔ ان کا اشتہار 5 سو اور ہزار روپے میں بھی چلائیں تو یہ آپ کا منافع ہی ہے اور اتنے کم پیسوں میں کمپنی کی مشہوری کے لئے وہ بھی تیار ہو جائیں گے ۔ آپ طارق عزیز مرحوم کو کاپی کریں کہ آج کا یہ شو قومے قصائی محلہ شیخیاں اور ببلو پان شاپ کے ساتھ ساتھ چھیدا سبزی والے کی جانب سے دکھایا جا رہا ہے ۔ قوما قصائی بتاتے ہیں کہ ان کے یہاں تازہ گوشت دستیاب ہے جبکہ سدا بہار میٹھا پان ببلو پان شاپ سے ہی مل سکتا ہے اور چھیدا سبزی والے کی جانب سے پیغام ہے کہ ان کے یہاں تازہ سبزیاں ہی ملتی ہیں ۔ آپ اپنے چینل کو کمیونٹی بیسڈ چینل بنائیں ،اسی طرح یہ بھی ممکن ہے کہ جس علاقے میں ریکارڈنگ کریں وہاں کی مشہور دکان ، ریستوران کا تعارف بھی کروا دیں اور ان سے سپانسر شپ لینے کی کوشش کریں ۔ اپنے اشتہار کا ریٹ انتہائی کم رکھیں ، 5 سو اور ہزار روپے کے 4 اشتہار فی ویڈیو بھی لے لیں تو شروع میں کافی ہے ۔یہ وہ دکاندار ہیں جو کسی اخبار یا چینل پر اشتہار دینے کی حیثیت نہیں رکھتے ۔ لوکل مارکیٹ چھوٹے تاجروں کی ہے ، یہ ہنس کر آپ کو ہزار روپے میں اپنا اشتہار اورویڈیو پیغام یا تصویر دے دیں گے ۔ یہ جانتے ہوں گے کہ آپ کے ہزار سبسکرائبر ہیں تو مطلب 1 روپے میں ایک سبسکرائبر تک ان کا پیغام پہنچانے کی اہلیت صرف آپ میں ہے ۔ آپ روزانہ ویڈیو بنائیں ، روزانہ ایسے 4 اشتہار لیں اور مہینے کا لاکھ سے زیادہ کمائیں ایسے بہت سے آئیڈیاز ابھی تک موجود ہیں جن پر عمل ہونا باقی ہے ، میں تو یوٹیوبرز کے پورے گروپ کے ساتھ مشترکہ اشتہارات کی بکنگ کا بھی سوچ رہا ہوں ۔ ہم دس لوگ اکٹھے ہوں تو دس چینل پر بیک وقت اشتہار کی ڈیل کر سکتے ہیں ۔ سر دنیا بہت وسیع ہے ، ایمانداری ، محنت اور کمٹمنٹ کے ساتھ ہم سب مل اپنے حصے کی دنیا فتح کر سکتے ہیں ۔ ضروری نہیں کہ ہم بس ایک چینل بنائیں اور صرف اسی طرح کمائی کا سوچیں جو سکہ رائج الوقت طے ہے اور سبھی اسی لکیر کو پیٹ رہے ہیں ۔ ہمت کیجئے ، ٹیم بنائیں ، محنت کریں اور اپنے شوق کی مدد سے ہی لاکھوں کمائیں ۔(سید بدر سعید)

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں