چائلڈ کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کے لاکھوں فالوورز کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو معطل کردیا گیا ۔طلحہ احمد کا تعلق سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے ہے اور انہیں سادہ ویڈیوز کی وجہ سے کافی شہرت حاصل رہی ہے۔طلحہ احمد تھیلیسمیا کے مریض بھی ہیں اور انہوں نے جولائی 2024 میں بیماری کے باوجود سوشل میڈیا پر مواد تخلیق کاری کا شروع کیا، تاہم 2025 کے آغاز میں انہوں نے اس میں زیادہ دلچسپی لینا شروع کی۔آسان اور سبق آموز مواد تیار کرنے کی وجہ سے طلحہ احمد جلد سوشل میڈیا پر مقبول ہوئے اور انہیں فیس بک، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر لاکھوں افراد نے فالو کرلیا۔انسٹاگرام پر ان کے پانچ لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ مذکورہ پلیٹ فارم سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر کوئی قابل اعتراض مواد شیئر نہیں کرتے تھے۔طلحہ احمد نے 21 اگست کو بتایا کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو معطل کردیا گیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے نئے عزم کے ساتھ دوبارہ پلیٹ فارم پر آنے کا عندیہ دیا۔انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ معطلی سے متعلق اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں پلیٹ فارم کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے اور وہ اسے استعمال نہیں کر سکیں گے۔انہیں انسٹاگرام کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کا اکاؤنٹ پلیٹ فارم کے رولز کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا، تاہم رولز کی خلاف ورزی کی وضاحت نہیں کی گئی۔ممکنہ طور پر انسٹاگرام نے طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ان کے کم عمر ہونے کی وجہ سے معطل کیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔طلحہ احمد کی عمر 16 سال تک ہے اور اس عمر کے افراد کے اکاؤنٹس کو محدود فیچرز تک رسائی ہوتی ہے، تاہم کم عمر افراد کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت ہوتی ہے۔دریں اثنا جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ کے بھائی طحٰہ احمد نے بتایا کہ ان کا اکاؤنٹ جس بنیاد پر معطل کیا گیا ہے اس کی وجہ ان کا 13 سال سے کم عمر ہونا بتائی جارہی ہے۔انسٹاگرام کے مطابق طلحہ 13 سال سے کم عمر ہیں، اس بنا پر ان کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے جب کہ ان کی عمر اس وقت 16 سال ہے۔طحٰہ نے بتایا کہ جب ان کے بھائی کا اکاؤنٹ معطل ہوا تو انہوں نے انسٹاگرام پر اپیل کی، انسٹاگرام کی جانب سے طلحہ کا شناختی کارڈر یا کچھ ڈاکیومینٹس جس سے ان کی عمر کی تصدیق کی جاسکے، ایک فارم کے ذریعے مانگے گئے’۔طحٰہ نے مزید بتایا کہ ’ان ڈاکیومینٹس میں طلحہ کی تصویر ہونا بھی ضروری تھی، ونائل کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے میں نے ان کے اسکول کے ڈاکیومینٹس جمع کردیے جس پر ان کی عمر نام اور تصویر موجود تھی لیکن اس کے بعد بھی انسٹاگرام نے اب تک اکاؤنٹ بحال نہیں کیا’۔جیو ڈیجیٹل نے طلحہ کے بھائی سے پوچھا کہ ان کے نزدیک اکاؤنٹ اچانک معطل ہونے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں اور کیا اب طلحہ نئے اکاؤنٹ سے کانٹینٹ کرئیشن کریں گے یا پھر پرانا اکاؤنٹ فعال ہونے کا انتظار کریں گے؟اس پر انہوں نے کہا کہ ’کچھ سمجھ میں نہیں آرہا کہ اکاؤنٹ رپورٹ کیا گیا ہے یا کیا ہوا ہے کہ مستقل طور پر ہی ڈس ایبل کردیا گیا، جہاں تک کانٹینٹ کرئیشن کی بات ہے تو ارادہ ہے کہ نئے اکاونٹ سے طلحہ جلد سوشل میڈیا پر قدم رکھیں گے‘۔
کمسن کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹا اکاؤنٹ معطل۔۔
Facebook Comments
