کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور اور کراچی پریس کلب کی جانب سے پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پریس کلب میں 100 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا اور پرچم کشائی کی گئی۔یوم آزادی کی پر وقارتقریب میں صحافیوں اور ان کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔منتظمین کی جانب سے کے شرکاء میں پاکستانی پرچم اور بیجز تقسیم کئے گئے، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کراچی پریس کلب میں یوم آزادی پاکستان کیک کاٹنے کی تقریب کی روایت برقرار رکھی جسے اراکین پریس کلب نے بھی سراہا ۔تقریب میں شرکاء ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے اور پاکستان زندہ باد پاکستان پا ئندہ باد کے نعرے لگا تے نظر آئے۔ اس موقع پر بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔یوم آزادی کی پر وقار تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید، اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر حامد الرحمن،سیکرٹری سید نبیل اختر،کفیل الدین فیضان،وکیل الرحمن،حماد حسین،ایس ایم اشرف،سہیل رب،کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد،ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو،شعیب خان،سابق سیکرٹریز عامر لطیف،محمد رضوان بھٹی، کے یوجے دستور کے سابق صدرخلیل احمد ناصر،کے یو جے ڈیموکریٹ کے سیکرٹری لیاقت کشمیری سمیت دیگر سیاسی ومذہبی رہنماؤں کے علاوہ کیمرہ مین،پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے بزرگوں اور ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان بنانے میں اپنا سب کچھ قربان کیا، ہمیں قائداعظم کے تصور کے مطابق پاکستان کی تعمیر کے لئے اپنے آپ سے دوبارہ عہد کرنا چاہیئے۔رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ جاویدنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہمیں ملکی استحکام،بقا اور باہمی یکجہتی کا درس دیتا ہے،شہر کراچی اور صحافیوں کے مسائل کا حل ان کے ترجیحات میں سرفہرست ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی صوبے کی ترقی کے لئے ہرممکن کوشش کر یگی۔یوم آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں صحافیوں اور عوام کے مسائل پر آواز اٹھانے کے لئے اپنا بھرپورکردار اداکرتی رہوں گی۔اس وقت ہم سب کو بحیثیت قوم دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم قومی پرچم کے سائے تلے ایک ہیں۔ تقریب کے اختتام پرکراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر حامد الرحمن اور سیکرٹری سید نبیل اختر نے پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے تقریب میں شریک معزز مہمانوں،صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔