ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے خلاف 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی میں معاونت اور ہراساں کرنے کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ متاثرہ کی خالہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ تھانہ شالیمار پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق متاثرہ لڑکی نے کہا ہے کہ یاسر شاہ کے دوست فرحان نے گن پوائنٹ پر زیادتی کی اور اس کی ویڈیو بھی بنائی، فرحان اور یاسر شاہ نے دھمکی کہ اگر کسی کو بتایا تو ویڈیو وائرل کردیں گے اور جان سے بھی مار دیں گے۔ یاسر شاہ نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹر ہے اور شکایت کی تو مقدمے میں پھنسا دے گا۔متاثرہ نے درخواست میں بتایا کہ واٹس ایپ پر یاسر شاہ کو اس بارے میں بتایا تو آگے سے انہوں نے مذاق اڑایا اور کہا کہ انہیں کمسن لڑکیاں پسند ہیں۔ یاسر شاہ نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا وہ بہت با اثر ہے اور اعلیٰ افسران کے ساتھ تعلقات ہیں۔پولیس کو اطلاع دی تو یاسر شاہ نے فلیٹ اور 18 سال کی عمر تک اخراجات اٹھانے کی پیشکش کی ۔ یاسر شاہ اور فرحان کمسن لڑکیوں کو اپنے چنگل میں پھنسا کر ان کے ساتھ زیادتی کرتے اور ان کی ویڈیوز بناتے ہیں۔تاحال کرکٹر یاسر شاہ کا اس کے حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ دریں اثنا ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ پر اسلام آباد میں ریپ میں معاونت کا مقدمہ درج ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردِ عمل بھی آگیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ہمارے علم میں آیا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی پر الزامات لگے ہیں، پی سی بی فی الحال اس حوالے سے معلومات اکٹھی کر رہا ہے، مکمل حقائق سامنے آنے تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں یاسر شاہ کے خلاف 14 سالہ لڑکی کے ریپ میں معاونت اور اسے ہراساں کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
