پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی یعنی پی ٹی اے نے تسلیم کیا ہے کہ بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض اور غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے کی سب سے کم شرح ایکس ڈاٹ کام سابقہ ٹوئٹر جبکہ سب سے زیادہ عملدرآمد کی شرح ٹک ٹاک کی جانب سے سامنے آئی ہے۔پی ٹی اے کی ایک دستاویز کے مطابق، اتھارٹی نے جنوری 2021 اور جون 2024 کے درمیان ایکس ڈاٹ کام پر 69,372 یو آر ایلز کیخلاف کارروائی کی لیکن پلیٹ فارم ایکس نے صرف 41,414 یوآرایلز بلاک کیے، جس کے نتیجے میں تعمیل کی شرح 59.70 فیصد ہے۔اس کے برعکس، سب سے زیادہ تعمیل کی شرح کے ساتھ پلیٹ فارم کے طور پر ٹک ٹاک ابھرا، جس نے 109,359 میں سے 107,003 یوآرایلز بلاک کیے، جس کی تعمیل کی شرح 97.85 فیصد ہے، جو نامناسب مواد کو مسدود کرنے کی پی ٹی اے کی درخواستوں پر عمل کرنے کے ضمن میں ٹِک ٹاک کو دوسرے بڑے پلیٹ فارمز سے ممتاز کرتا ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے نشان دہ کیے جانیوالا مواد مختلف زمروں، بشمول ہتک آمیز، غیر اخلاقی، اسلام مخالف، تحفظ اور دفاع، فرقہ وارانہ، اور توہین عدالت، جیسے موضوعات پر محیط ہے، پی ٹی اے کی ایک حالیہ رپورٹ میں نمایاں تفاوت کا پتہ چلتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز قابل اعتراض اور غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے کی درخواستوں کو کیسے نمٹاتے ہیں۔جنوری 2021 سے جون 2024 تک کے عرصے کا احاطہ کرنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایکس ڈاٹ کام کی جانب سے تعمیل کی شرح سب سے کم تھی، جس نے PTA کی جانب سے رپورٹ کیے گئے صرف 59.70 فیصد یوآرایلز کو بلاک کیا۔پی ٹی اے کی جانب سے شکایات پر فیس بک کی جانب سے بھی تعمیل کی ایک مضبوط شرح کا مظاہرہ کیا گیا، 94,141 میں سے 79,904 یو آر ایلز بلاک کرتے ہوئے فیس بک کی جانب سے تعمیل کی شرح 84.88 فیصد رہی، انسٹاگرام پر 85.60 فیصد تعمیل کی شرح کے ساتھ پیروی کی گئی، جہاں 21,333 میں سے 18,260 یو آرایلز بلاک کیے گئے۔یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اگرچہ سب سے اوپر نہیں ہے، میٹا کمپنی کے یہ دونوں پلیٹ فارمز اب بھی پی ٹی اے کی درخواستوں پر کافی حد تک عمل پیرا ہیں، یو ٹیوب اور لائکی نے بھی تعمیل کی اعلیٰ شرح ظاہر کی، یوٹیوب نے 41,954 میں سے 36,351 یو آرایلز بلاک کیے، جس کے نتیجے میں تعمیل کی شرح 86.64 فیصد رہی۔ڈیلی موشن اور اسنیک ویڈیو کی جانب سے تعمیل کی شرحیں کم لیکن قابل ذکر تھیں۔ ڈیلی موشن نے 32 میں سے 23 یوآرایلز بلاک کرتے ہوئے تعمیل کی شرح 71.88 فیصد رکھی جبکہ اس دوران اسنیک ویڈیو نے 7,241 میں سے 6,829 یوآرایلز بلاک کرتے ہوئے تعمیل کی شرح 94.31 فیصد رکھی۔