ملک میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کی بندش پر سینیٹ آئی ٹی کمیٹی نے سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کو طلب کرلیا۔ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن انوشہ رحمٰن کی زیر صدارت ہوا، جس میں ’ایکس‘ کی بندش کا معاملہ زیرغور آیا۔سینیٹر افنان اللہ خان نے پی ٹی اے حکام سے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ ملک میں ایکس کیوں بند ہے، ایکس کی بندش کی وجہ سے ملک کا امیج خراب ہو رہا ہے۔پی ٹی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ایکس کو وزارت داخلہ کے احکامات پر بند کیا گیا، یہ وزارت داخلہ ہی بتا سکتا ہے کہ اسے کیوں بند کیا گیا جب کہ ایکس کا پلیٹ فارم بیرون ملک ہے، ایکس حکام کو نوٹس بھیجتے ہیں وہ اس پر عملدرآمد نہیں کرتے۔چیئرپرسن کمیٹی نے انوشہ رحمٰن نے کہا کہ پی ٹی اے کے پاس کچھ بلاک کرنے کی کیپیسٹی نہیں، پی ٹی اے نے وزارت داخلہ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا، ہم معاملے پر سیکرٹری داخلہ کو بلا کر ان سے پوچھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تو آج بھی ایکس چل رہا ہے، کمیٹی نے ایکس کی بندش پر سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے کو طلب کرلیا۔یاد رہے کہ رواں برس 17 فروری کو وزارت داخلہ نے ایکس پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد اس بندش کے خلاف مقامی صحافی احتشام عباسی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔گزشتہ دو ماہ کے دوران متعدد بار اس کی سروس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا لیکن مکمل طور پر اسے آپریشنل نہ کیا جا سکا۔