پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) کی جانب سے پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت محترمہ عظمیٰ بخآری کی صحافیوں سے ہتک آمیز اور دھمکی پر مبنی رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں پی یو جے کی صدر فرزانہ چوہدری ، جنرل سیکرٹری عامر ملک ، سینئر نائب صدر عقیل انجم اعوان ، نائب صدر محمد مجیب اللہ ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید آفاق علی زیدی ، جوائنٹ سیکرٹری جاوید ہاشمی ، خزانچی درخشندہ علمدار اور اراکین مجلس عاملہ نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے پنجاب کی وزیراعلی محترمہ مریم نواز کی پریس کانفرنس سے قبل صحافیوں سے انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں نوکریوں سے نکلوانے کی دھمکی دی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پی یو جے نے وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جانے کے بیان پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہی سیاستدان جب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو صحافیوں کے حقوق کے علمبردار بنے ہوتے ہیں اور جونہی حکومت میں آتے ہیں تو ان کے چہروں اور لہجوں سے رعونت ٹپکنے لگتی ہے۔پی یو جے نے مزید کہا کہ صحافیوں کی بے بسی کی سب سے بڑی وجہ صحافتی اداروں کی طرف سے حکومت وقت کے حق میں جانبدار صحافت اور صحافتی تنظیموں اور پریس کلبوں کی جانب سے صحافیوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دینا ہے۔ جس کی وجہ سے حکومتی نمائندوں کے اندر صحافیوں کے خلاف متکبرانہ رویہ کو جنم دیا ہے۔پی یو جے نے وزیر اطلاعات محترمہ عظمیٰ بخاری سے اپنے بیان کو واپس لینے اور صحافیوں سے غیر مشروط معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کی صحافیوں سے دھمکی آمیز رویہ کی مذمت۔۔
Facebook Comments