وکلا کا صحافیوں کےدھرنے میں شرکت کا اعلان۔۔

پاکستان میں عدلیہ اور میڈیا کی حقیقی آزادی کیلئے وکلا ءصحافیوں اور سول سوسائٹی نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عدلیہ کو غلام بنانے کی حکومتی کوششو ں اور پی ایم ڈے اے کے نام پر میڈیائی مارشل لاء کیخلاف بھرپور جدوجہد کی جائیگی، ان خیالات کا اظہار پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان، سپریم کورٹ بار کے صدر لطیف آفریدی، ہیومن رائٹس کمیشن کی نسرین اظہر، پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی اور آر آئی یو جے کی فریڈم ایکشن کمیٹی کے چیئرمین افضل بٹ نے نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا گیا کہ آج سپریم کورٹ کے سامنے ہونے والے پاکستان بار کونسل کے مظاہرے میں پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار کی قیادت میں آر آئی یو جے اورنیشنل پریس کلب کا وفد شرکت کرے گا، جبکہ اتوار کو پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے آر آئی یوجے کے دھرنے میں پاکستان بار کونسل ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار بھرپور انداز میں شرکت کرے گی،اس موقع پر سپریم کورٹ بار کے صدر لطیف آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا اور عدلیہ کو غلام بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، میڈیا کو قابو کرنے کے اوچھے ہتھکنڈوں کیخلاف میڈیا کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، میڈیا مالکان کے کہنے پر سینکڑوں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کی پالیسی کی مذمت کرتے ہیں،  اس موقع پر پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان نے کہا کہ پاکستان میں صرف وکلاء اور صحافیوں کے ضمیر زندہ ہیں جو ہر نا انصافی پر آواز اٹھاتے ہیں، ملک کی ترقی کیلئے آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا بہت ضروری ہیں، میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل کے حوالے سے میڈیا کیساتھ کھڑے ہیں، پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصرزیدی کا کہنا تھا کہ عدلیہ میڈیا اور پارلیمنٹ سمیت کوئی ادارہ آزاد نہیں ہے، پریس پر سنسر شپ عائد ہے، عدلیہ کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے، اب ہم سب ملکر مشترکہ جدوجہد کرینگے اور میڈیا کیخلاف کسی بل کو منظور نہیں ہونے دینگے، آر آئی یو جے فریڈم ایکشن کمیٹی کے چیئرمین افضل بٹ نے کہا کہ،میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل کو کسی صورت منظور نہیں ہونے دینگے، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی نمائندہ نسرین اظہر کا کہنا تھاکہ میڈیا پر بار بار قد غنیں لگائی جا رہی ہیں جبکہ جموریت کو پنپنے سے روکا جا رہا ہے، ہمیں میڈیا کیساتھ کھڑا ہونا پڑے گا اور سب کو ملکر جدو جہد کرنا ہوگی، سیکرٹری این پی سی انور رضا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہو جس کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے اسلام آباد بار کے صدر زاہد محمود راجہ اور بلوچستان بار کے صدر راحب بلیدی نے بھی خطاب کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں