کالم : علی عمران جونیئر
دوستو،پوچھتا وہی ہے جو سیکھنا چاہتا ہے، جسے جاننے کی جستجو ہو، جس میں علم کی پیاس ہو، جو یہ چاہتا ہو کہ علم کے سمندر سے اپنے حصے کے زیادہ سے زیادہ قطرے سمیٹ لوں۔۔ہم بھی ’’جونیئر‘‘ ہیں اس لئے ہم بھی روزانہ اپنے ’’سینئرز‘‘ سے کچھ نہ کچھ سیکھتے ہی رہتے ہیں، جونیئر ہونے کا فائدہ بھی خوب اٹھاتے ہیں اور جس کا علم نہیں ہوتا اس سے متعلق سوالات داغ دیتے ہیں،جواب مل جائے تو علم میں اضافہ ہوجاتا ہے نہ ملے تو جستجو رہتی ہے کہ سوال کا جواب کہاں سے ملے گا۔۔چلیں آج ’’سن ڈے‘‘ ہے اسے کچھ تھوڑا سا ’’فن ڈے‘‘ بناتے ہیں۔۔اور آپ سے آج کچھ سوالات کرلیتے ہیں ، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کتنی ایمانداری سے ہمارے سوالوں کے جواب دیتے ہیں۔۔چلیں پھر سوالات پوچھنا شروع کرتے ہیں۔۔
پوچھنا یہ تھا کہ نکاح کے لئے اگر گواہ نہ ملے تووطن کی مٹی گواہ ہو سکتی ہے کیا۔۔؟؟ پوچھنا یہ بھی تھا کہ ، یہ جو خواب ٹوٹ جاتے ہیں ان کی ویلڈنگ کہاں کی جاتی ہے؟؟وہ پوچھنا یہ تھا کہ یہ کس ظالم نے دولہا کو آگے اور دولہن کو چار آنٹیوں کے درمیان شادی کی گاڑی میں گھسانے کی عظیم روایت قائم کی تھی ۔۔ یہ بھی پوچھنا تھا کہ یہ جو صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے، اس کا درخت کہاں پایا جاتا ہے؟؟اگر کزن سے محبت ہو جائے تو آدھی زندگی تو اسے یہ سمجھانے میں کیوں گزرجاتی ہے کہ دوبارہ مجھے بھائی نہ کہنا۔۔کسی کو پتہ ہے کیا،دل پر رکھنے والا پتھر کہاں ملے گا اور کتنے کلو کا لینا ہوگا؟؟ یہ بھی پوچھنا تھا کہ اگر کسی کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہوتو تو کون سا والا نمک ٹھیک رہے گا، لاہوری، کالا،سادہ یا آیوڈین والا ۔۔۔وہ پوچھنا یہ بھی تھا کہ ’’بھاڑ‘‘ میں جانے کے لئے رکشہ ٹھیک رہے گا یا ٹیکسی؟؟ ۔۔ہمیں آج تک یہ سمجھ نہیں آسکی، اسکول سے لے کر کالج اور یونیورسٹی میں کتابیں پڑھ پڑھ کر سرکے بال سفید کرڈالے لیکن آج تک کوئی نہیں بتاسکا کہ لوگ عزت کی روٹی کمانے میں لگے ہوئے ہیں،کوئی عزت کی سبزی کیوں نہیں کماتا؟؟ ایک بات اور کوئی بتائے گا کہ یہ جو ’’ڈنر سیٹ ‘‘ہوتا ہے ۔اس میں ’’لنچ ‘‘کر سکتے ہیں کیا؟؟ پوچھنا یہ بھی تھا کہ جن کی دال نہیں گلتی، وہ سبزی بناسکتے ہیں کیا؟؟؟ یہ بھی کوئی ذہین و فطین ہمیں بتادے کہ اگر کسی سے چکنی چپڑی باتیں کرنا ہوتو کون سے گھی ٹھیک رہے گا؟؟ کسی کو پتہ ہے کہ غلطیوں پر ڈالنے والا پردہ کہاں ملتا ہے اور کتنے میٹر کا لینا ہوگا؟؟ کوئی ہمیں بتائے گا کہ جو لوگ کہیں کے نہیں رہتے تو پھر وہ کہاں رہتے ہیں؟؟ ایک بات یہ بھی پوچھنا ہے کسی کا مذاق اڑانا ہو تو،کتنی اونچائی تک اڑاؤں؟؟
کوئی مانے یا نہ مانے، ہم اس قوم سے ہیں جس میں چاقو ،چھریاں تیزکرنے کے بعد دھار اپنے ہاتھوں پہ ہی چیک کرتے ہیں۔۔ یہ قوم اتنی ذہین ہے کہ دروازہ کھولتے ہی لڑکی نے جب اپنے پرانے محبوب کو دیکھا تو غصے سے بولی،اب کیوں آئے ہو میری زندگی میں واپس؟ پرسوں میری شادی ہے ۔۔لڑکے نے مسکرا کر لڑکی کو دیکھا اور کہا، ٹینٹ اور کیٹرنگ کا آرڈر ملا ہے ہمیں، اب کیا کام دھندہ بھی چھوڑ دیں؟؟؟ اسی طرح ایک آدمی کو بیوی کے ساتھ مارپیٹ کرنے کے جرم میں عدالت میں پیش کیا گیا۔جج نے شوہر کی زبانی پورا واقعہ توجہ سے سنا اور مستقبل میں اچھا برتاؤ کرنے کی تنبیہ دے کر چھوڑ دیا۔اگلے ہی دن آدمی نے بیوی کو پھر مارا اور پھر عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے کڑک کر پوچھا۔۔تمہاری دوبارہ ایسا کرنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ عدالت کو مذاق سمجھتے ہو؟ ۔۔آدمی نے اپنی صفائی میں جج صاحب سے کہا ،نہیں حضور! آپ میری پوری بات سن لیجئے، کل جب آپ نے مجھے چھوڑ دیا تو اپنے آپ کو تازم دم کرنے کے لئے میں نے تھوڑی سی شراب پی لی، جب اس سے کوئی فرق نہیں پڑا تو تھوڑی تھوڑی کرکے میں پوری بوتل پی گیا۔ پینے کے بعد جب میں گھر پہنچا تو بیوی چلا کر بولی۔۔ نالائق! آ گیا نالی کا پانی پی کر۔۔ حضور، میں نے خاموشی سے سن لیا، اور کچھ نہیں کہا، تھوڑی دیر بعد پھر وہ بولی۔۔ کمبخت ! کچھ کام دھندہ بھی کیا کر، یا صرف پیسے برباد کرنے کا ہی ٹھیکہ لے رکھا ہے ؟؟۔۔حضور، میں نے پھر بھی کچھ نہیں کہا اور سونے کے لئے اپنے کمرے میں جانے لگا،وہ پیچھے سے پھر چلائی۔۔۔اگر اْس نکمے جج میں تھوڑی سی بھی عقل ہوتی تو تُو آج جیل میں ہوتا ۔۔۔۔بس حضور، توہینِ عدالت مجھ سے برداشت نہیں ہوئی ۔۔۔اور۔۔۔واقعہ کی دُم: کیس خارج۔۔ شوہر باعزت بری۔۔
درمیان میں ایسے ہی کچھ پرانے قصے یاد آگئے تھے تو آپ کو سنادیئے، چلیں پھر سوال و جواب کا سلسلہ وہیں سے جوڑتے ہیں جہاں سے ٹوٹا تھا۔۔ وہ پوچھنا یہ تھاکہ اگر امید پر پانی پھر جائے تو وائپر لگا سکتے ہیں؟؟ ہمارے پیارے دوست کچھ عرصے پہلے ہم سے پوچھ رہے تھے،میرے لیے رشتے آ رہے ہیں، پوچھنا یہ تھا کہ ولہن کس color کی لوں؟؟۔۔آپ سے یہ بھی پوچھنا تھا کہ کیا میٹھے خواب دیکھنے کیلئے آنکھوں میں چینی ڈال کے سو سکتے ہیں ؟ پوچھنا یہ تھا کہ اگر موبائل گرم ہو اور اسے ٹھنڈا کرنا ہو تو فریج میں رکھ سکتے ہیں ؟؟ سال ختم ہونے میں ڈیڑھ ماہ باقی رہ گیا، پوچھنا یہ تھا کہ معافی مانگنے والا ٹورنامنٹ کب سے شروع ہوگا؟؟وہ پوچھنا یہ بھی تھا کہ چیونٹیاں گزرتے وقت ایک دوسرے کے پاس تھوڑی دیر رک کر کیا بات کرتی ہیں۔۔وہ پوچھنا یہ تھا کچھ دن پہلے ڈیم زندگی اور موت کا مسئلہ تھا کیا ہوا ڈیم بن گیا؟؟وہ پوچھنا یہ بھی لازم تھاکہ اسد عمر والا وہ ایک ارب ڈالر والابحری جہاز سعودی عرب سے نکل کر پاکستان کے کسی ساحل پہ لنگرانداز ہوا کہ نہیں؟؟اور پوچھنا یہ تھا کہ آستین کے سانپ کو بین بجا کر نکالا جا سکتا ہے؟؟
اب چلتے چلتے آخری بات۔۔دو جملوں نے مسلمانوں کو تباہ و بربادکرکے رکھ دیا۔۔ نمبرایک ،اسلام امن کا درس دیتا ہے۔۔ اس جملے کی وجہ سے مسلمانوں کے دس ملک تباہ ہوگئے، حالانکہ اسلام امن کے ماحول میں امن کا درس دیتا ہے جب کہ دشمن بھی امن چاہتا ہو، اگر دشمن امن نہ چاہے تو اسلام دفاع غیرت اور جہاد کا درس دیتا ہے۔۔دوسرا جملہ، پردہ دل کا ہوتا ہے۔۔ اس جملے کی وجہ سے آدھی سے زیادہ انسانیت ننگی ہوگئی۔۔ کیونکہ اگر نظر کو غلط چیز دیکھنے سے نہ بچایا جائے تو دل بھی خراب اور گندا ہوجاتا ہے اور انسان بے حیا بن جاتا ہے۔