تحریر: منزہ انوار۔۔
ایک نوجوان لڑکی نے اپنے ہاتھ میں کیمرہ پکڑ رکھا ہے جو پہلے اپنے پیچھے کھڑی ایک گاڑی دکھاتی ہے، پھر اپنے چند دوست دکھاتی ہے اور ساتھ ساتھ ہی کہتی ہیں: ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری (یعنی پارٹی) ہو رہی ہے۔اپنے دوستوں کے ساتھ بنائی گئی محض چارسیکنڈ کی یہ عام سی ویڈیو بنانے والی لڑکی دیکھتے ہی دیکھتے اتنی وائرل ہو گئیں کہ ناصرف انٹرنیٹ پر ہر دوسرے شخص نے ان کے میمز بنا ڈالے بلکہ یہ سرحد پار انڈیا بھی جا پہنچیں جہاں ایک گلوکار نے ان کی ویڈیو کو استعمال کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں ایک ’میش اپ‘ گانا بنا لیا ہے۔راتوں رات ’میم‘ بن جانے والی یہ لڑکی 19 سالہ دنانیر مبین ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے اور وہ خود کو ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ کہتی ہیں جو میک اپ اور فیشن سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہے۔
انھیں اپنے خاندان والوں کے ساتھ وقت بِتانے کے علاوہ پینٹنگ اور وقتاً فوقتاً گلوکاری کرنا پسند ہے اور کتوں سے بہت پیار ہے۔دنانیر کی انسٹا گرام پر شائع ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 1,250,463 افراد دیکھ چکے ہیں اور وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام پر ان کے فالووز کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 41 ہزار ہو چکی ہے۔بی بی سی بات کرتے ہوئے دنانیر بتاتی ہیں کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا۔وہ اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیا گلی گھومنے گئیں اور کھانا کھانے کے لیے رکیں تھیں جب بس اچانک ہی اپنا موبائل فون نکال ک ویڈیو بنالی اور اپ لوڈ کر دی۔ دنانیر کہتی ہیں کہ یہ میرا انداز نہیں ہے، میں ایسے بات نہیں کرتی اور صرف ویڈیو بنانے کے لیے یہ مزاحیہ انداز اختیار کیا تھا۔وہ کہتی ہیں ’مجھے ’پارٹی‘ کہنا آتا ہے اور مجھے پتا ہے کہ یہ ’پارری‘ نہیں پارٹی ہوتا ہے۔میں نے تو صرف آپ سب (میرے انسٹاگرام فالوور) کو ہنسانے کے لیے ایسا کیا۔۔دنانیر کہتی ہیں ’سچ بتاؤں تو جب میں ویڈیو اپ لوڈ کر رہی تھی، اس وقت میرا وائرل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ وہ تو بس سب کو ہنسانا چاہتی تھیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ اس سے زیادہ ہی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔اب میرے پاس ایک بڑا خاندان ہے جس کے لیے میں اپنے تمام فالورز کی بہت شکر گزار ہوں۔(بشکریہ بی بی سی)۔۔