خصوصی رپورٹ۔۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز ‘دھوپ کی دیوار’ کا ٹریلر سامنے آگیا ۔یہ ویب سیریز 25 جون کو بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر ریلیز ہورہی ہے جس میں مقبول ترین شوبز جوڑی کا اعزاز رکھنے والے احد رضا میر اور سجل علی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز ‘دھوپ کی دیوار’ کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں۔حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ویب سیریز کی کہانی پاکستان اور بھارت کے دو خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔ویب سیریز میں دراصل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی ایک کوشش ہے۔تاہم ‘دھوپ کی دیوار’ کا ٹیزر اور بعدازاں ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے اس کی کہانی تحریر کرنے والی معروف ناول و ڈراما نگار عمیرہ احمد کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔اس ویب سیریز کو قوم ،ملک ،مذہب کے خلاف اور مصنفہ کو غدار قرار دیا جا رہا ہے ۔
اس حوالے سے وضاحتی بیان دیتے ہوئے عمیرہ احمد نے کہا ہے کہ ‘دھوپ کی دیوار’ کی کہانی اس وقت لکھی گئی جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات اتنے خراب نہیں تھے اور نہ ہی کشمیر میں جو آئینی طور پر حالیہ تبدیلیاں کی گئی ہیں، وہ ہوئی تھیں۔مصنفہ نے بتایا کہ جب انہوں نے اس موضوع پر کام کرنا شروع کیا تو جنوری 2019 میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کو اس کی پوری کہانی بھیجی تھی اور اس وقت کی آئی ایس پی آر کی ٹیم کو کہانی کی جانچ کرنے کا کہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایس پی آر نے نہ صرف موضوع کو ٹھیک کہا تھا بلکہ انہوں نے راولپنڈی میں ایک ملاقات کی تھی۔ڈراما نگار کے مطابق آئی ایس پی آر نے ان سے کہا تھا کہ ‘ہمارا پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے یہی موقف ہے کہ دونوں ممالک آپس میں بات چیت کریں اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے نتیجے میں فوجیوں کے ساتھ ساتھ شہری آبادی کے نشانہ بننے کی صورتحال ختم ہوجائے۔
عمیرہ احمد نے کہا کہ اگر موضوع غیر مناسب ہوتا تو اس پر لکھنے سے منع کردیا جاتا جبکہ کہانی کے لیے آئی ایس پی آر نے بہت زیادہ سپورٹ کیا۔انہوں نےمزید کہا کہ اگر آئی ایس پی آر کو دھوپ کی دیوار کے موضوع یا مواد پر اعتراض ہوتا تو وہ خواتین کیڈٹس کے حوالے سے سیریل پر کام کے لیے ان کا انتخاب نہ کرتے۔پیسے کے لیے ملک سے غداری اور بھارت کی جانب سے ‘دھوپ کی دیوار’ کی کہانی لکھوانے کے الزامات سے متعلق عمیرہ احمد نے دھوپ کی دیوار بھارت نے نہیں لکھوایا بلکہ انہوں نے ایک بنی ہوئی چیز خریدی ہے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔