ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کی لاش ملنے کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن کا بیان سامنے آگیا، گاڑی سے ملنے والا پستول ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کا ہی تھا۔ڈان نیوز کے مطابق ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ خاور نے حفاظتی نکتہ نظر سے پستول رکھا ہوا تھا، خاور حسین گاڑی پارک کرکے 2 بار واش روم گئے، سی سی ٹی وی کے مطابق خاور تنہا تھے، خاور نے ہوٹل کے منیجر سے جاکر واش روم کا پوچھا، پھر واپس گاڑی میں آکر بیٹھ گئے، خاور دوبارہ گاڑی سے اترے اور پھر چوکیدار سے واش روم کا پوچھا، خاور پھر واش کے پاس گئے اور واپس آکر دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گئے۔انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی میں خاور تنہا دکھائی دے رہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمرا ڈرائیورنگ سیٹ کے دوسری جانب لگا تھا، سی سی ٹی وی میں کوئی نظر نہیں آیا، ہوٹل منیجر نے چوکیدار کو کہا جاکر ان سے پوچھو کچھ آڈر کریں گے یا نہیں، کافی دیر ہوگئی ہے۔ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے بتایا کہ چوکیدار جب گاڑی کے پاس گیا تو اندر خاور کی گولی لگی لاش پڑی تھی، ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ مئی میں خاور نے والدین کو امریکا شفٹ کردیا تھا، خاور سانگھڑ مجلس میں شرکت کرنے گئے، ان کے بہنوئی کے گھر مجلس تھی، تاہم خاور مجلس میں نہیں پہنچ سکے۔سانگھڑ میں جاں بحق ہونے والے ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کے بہنوئی زبیر علی کا کہنا ہے کہ رات کو ایک دوست کی کال آئی تھی کہ سانگھڑ میں ہوٹل کی پارکنگ میں کالے رنگ کی گاڑی ہے اس میں لاش موجود ہے، لگتا ہے یہ خاور حسین ہیں۔زبیر علی کے مطابق خاور حسین جب بھی کراچی سے سانگھڑ آتے تھے تو ہمیں بتاتے تھے، معلوم نہیں خاور رات کو کیسے سانگھڑ آئے، یا کس نے انہیں بلایا تھا؟۔
ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد۔۔
Facebook Comments
