کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بدتمیزی کرنے انہیں دھمکیاں دینے اور ملازمت کے حوالے سے انہیں ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عظمیٰ بخاری کے خلاف کارروائی کریں انہیں اس عہدے سے فی الفور بر طرف کریں جبکہ عظمیٰ بخاری صحافیوں سے معافی مانگیں۔دستور گروپ کے صدر محمد عارف خان، جنرل سیکرٹری محسن شبیر سومرو، نائب صدر قسیم رحیم ،جوائنٹ سیکرٹری طارق اسلم ،خازن عمران پیرزادہ اور ممبرز ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں پی ایف یو جیز کے تمام دھڑوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے اس دھمکی آمیز رویے کے خلاف مشترکہ مذمتی بیان جاری کریں اور ان کی تمام سرکاری و غیر سرکاری تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں نیز پنجاب کے پریس کلبوں میں عظمیٰ بخاری سمیت ن لیگ کی تمام قیادت کے داخلے پر پابندی لگائیںدستور گروپ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ن لیگ کی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے صحافیوں کی ملازمت کے حوالے سے ہراساں کرنے والے دھمکی آمیز بیان نے اس بات کی قلعی کھول دی ہے کہ صحافیوں کی ملازمتوں مالی مسائل اور ان کے معاشی قتل کے پیچھے کون سی قوت کار فرما ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت شرمناک فعل ہے ۔