میڈ یا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزیر اعظم عمران خان کے جھوٹے الزامات کا نوٹس لے لیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میڈ یا کو کرپٹ قرار دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے میڈ یا ہاوسز خریدے ہوئے ہیں اور بعض میڈ یا ہاوسز کی فنڈنگ بیرون ملک ذرائع سے کی جا رہی ہے ۔ایک بیان میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیلنج کیا کہ حکومت کے پاس الزامات کی تحقیقات کرنے اور ثابت کرنے کے تمام وسائل موجود ہیں ، وزیراعظم اپنے الزامات کو ثابت کریں ۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم اس بات کو سمجھیں کہ میڈ یا ہاوسز کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ میڈ یا اور صحافی آئین و قانون کے تحت اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ۔میڈ یا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے اس طرح کے بیانات دینے سے گریز کریں ۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مزید کہا کہ اگر ان الزامات کو مناسب وقت کے اندر ثابت نہیں کیا جاتا تو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو ان بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔۔
