سینئر صحافی، کالم نویس اور تجزیہ کار رؤف کلاسرا کہتے ہیں کہ۔۔ وزیراعظم ہاؤس میں تین کرسیاں رکھ دی جائیں۔۔ دنیانیوزمیں اپنے تازہ کالم میں وہ لکھتے ہیں کہ ۔۔ہمارے ہاں جو غلط ہو رہا ہے وہ مقتدرہ کی جانب سے سیاست میں سامنے آکر بہت سے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے کے سبب ہے۔ انہیں سیاسی مداخلت روکنا ہو گی۔ باقی ملکوں کی برائیاں اس لیے چھپ جاتی ہیں کہ وہاں پیچھے والے سامنے نہیں آتے۔ ہمارے ہاں سیاستدانوں نے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔ انہیں سمجھ آگئی ہے کہ اپنا کاروبارکرو‘ پیسہ بنائو اور ملک کو اس کے حال پر چھوڑ دو۔ اگر سیاستدان بیٹھ کر کچھ طے کر لیں تو ہمارے مسائل باقی دنیا سے بہت کم ہیں۔ لیکن وہی بات کہ کرسی ایک ہے اور امیدوار تین۔ یا تو وزیراعظم ہائوس میں تین کرسیاں رکھ لیں ورنہ یہ تینوں امیدوار اقتدار کے جنون میں جانیں دیتے بھی رہے ہیں اور لیتے بھی رہیں گے۔ تاریخ میں اقتدار کے لیے لالچی اور جنونی انسان یہی کچھ کرتے آئے ہیں۔