wazir e ala house ke gherao ki dhamki

وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی۔۔

 کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتل گرفتار نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔کراچی پریس کلب کے باہر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت احتجاجی مظاہرے میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ، صدر کے یو جے طاہر حسن خان ، لیاقت کاشمیری ، خورشید عباسی ، جاوید چوہدری، امتیاز فاران ، پیپ کے صدر محمد جمیل، جوائنٹ سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد منصف ، رانا جاوید عمران ، سینئر فوٹوگرافر شعیب احمد سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سندھ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے اور حکومت صحافیوں سمیت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خورشید عباسی نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے بصورت دیگر ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔ صدر و سیکریٹری کراچی پریس کلب نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کی جانب سے گذشتہ ایک سال سے جان محمد مہر کے قاتلوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور بہت جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانیاں کرائی جارہی ہیں لیکن تاحال قاتل گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔ صحافی رہنماؤں نے صحافیوں پر حملوں کو آزادی صحافت پر شب خون مارنے اور صحافیوں کو ان کے فرائض سے روکنے کی سازش قرار دیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم  سے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یوم آزادی کی سرگرمیوں کے بعد شہید جام محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی تحریک میں تیزی لائیں گے اور حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی کو بے نقاب کریں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں