سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر سینئر صحافی وارث رضا کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے خلاف صحافیوں کی تنظیم کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔صحافی وارث رضا نے بھی سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔اس موقع پر صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے سینئر صحافی وارث رضا کو حراست میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔کے یو جے کے رہنماؤں نے صحافی کو حراست میں لینے پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کی۔صحافیوں کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان سے صحافیوں اور صحافت پر ہونے والے مسلسل حملے رکوانے کی اپیل بھی کی گئی۔واضح رہے کہ سینئر صحافی وارث رضا کو صحافتی تنظیموں کے احتجاج کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔دریں اثنا کراچی میں سینئر صحافی وارث رضا کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے خلاف پی ایف یو جے کی کال پر کراچی سمیت ملک بھر کی یونین آف جرنلسٹس نے احتجاجی مظاہرے کئے، اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے کراچی میں سینئر صحافی وارث رضا کو حراست میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں صحافی وارث رضا نے بھی شرکت کی۔کے یو جے کے رہنماؤں نے صحافی کو حراست میں لینے پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کی۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کو حراست میں لینے کا سلسلہ بند کیا جائے، میڈیا پر کسی قسم کی پابندیوں کو قبول نہیں کرینگے ،مظاہرے سےپی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ،صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم،سیکرٹری انور رضا ،سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے فوزیہ شاہد و دیگر نے شرکت کی۔علاوہ ازیں لاہورمیں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی،پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو، لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ،سیکرٹری زاہد چوہدری، پی یوجے کے جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن،خزانچی ندیم شیخ اور حبیب چوہان نے بھی خطاب کیا۔
