اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ وہ کسی سے بھی تعلق یا رشتہ بناتے وقت پہلے لوگوں کو جہنم اور پھر جنت دکھاتی ہیں۔اداکارہ نے حال ہی میں نیو ٹی وی کے شو زبردست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں والد سے کئی گلے اور شکوے رہے اور مرتے وقت تک انہوں نے والد سے بات نہیں کی۔متھیرا نے بتایا کہ انہوں نے 14 سال کی عمر سے اپنے والد سے بات کرنا بند کی تھی اور ان کے انتقال تک ان سے بات نہیں کی، ان کے والد چند سال قبل فوت ہوگئے تھے۔انہوں نے وضاحت کی کہ جب انہیں والد کی ضرورت تھی تب والد انہیں چھوڑ کر گئے اور ان کی طرف مڑ کر بھی نہیں دیکھا لیکن جب وہ مضبوط بنی، ان کے پاس ہر چیز دستیاب ہوگئی، تب والد نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن تب انہوں نے والد سے رابطہ کرنے کو ترجیح نہیں دی۔اداکارہ کا کہنا تھا جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ جائیں، ان کے اچھے وقت میں واپس آنے پر انہیں عزت نہیں دی جانی چاہیے، پھر انہیں بھی بھلا دینا چاہیے۔متھیرا نے واضح کیا کہ انہیں والد سے بہت گلے اور شکوے تھے لیکن ان کے انتقال کے بعد انہوں نے والد کو معاف کیا اور تمام شکوے بھلا دیے۔