پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) مسلم ٹاؤن لاہور میں آئی ٹی این ای ٹریبونل کے دوسرے روز میڈیا ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے التوار کے شکار سینکڑوں مقدمات کی سماعت ہوئی اور متعدد کیسز میں چیئرمین شاہد محمود کھوکھر نے متعلقہ اخبارات کے منتظمین کو متاثرین کے واجبات کی ادائیگی کیلئے سخت احکامات صادر کئے۔ دوسرے روز کی سماعت میں متعدد اخبارات کے ذمہ داران عدالت کے روبرو پیش ہوئے، کئی اخبارات نے متاثرہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے احکامات پر فوری طور پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران پنجاب یونین آف جرنلٹس دستور کے سابق صدر خواجہ فرخ سعید مرحوم کا کیس بھی پنجاب یونین آف جرنلٹس کے صدر ابراہیم لکی نے اٹھایا،جس میں عدالت نے فوری طور پر ان کے صاحبزادے کو جانشینی کا سرٹیفیکٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اخباری کی انتظامیہ کو حکم دیا کہ مرحوم کے واجبات فوری ادا کریں بصورت دیگر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیئرمین آئی ٹی این ای نے دوران سماعت اپنے ریمارکس میں کہا کہ تمام کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر سناجارہا ہے اور انصاف کیا جارہا ہے تاہم فوت شدگان میڈیا ورکرز کے کیسز پہلی ترجیح ہوں گے کیوں کہ یہ لوگ انصاف کی تلاش میں اپنے خالق حقیقی کو جاملے مگر انصاف نہ ملا، اب مرحومین کے تمام کیسز پہلی ترجیح ہوں گے تاکہ لواحقین کو انصاف ملے، دوران سماعت ایک بزرگ میڈیا ورکر نے عدالت کو بتایا کہ ریٹائرڈ ہونے کے بعد اسے کوئی واجبات ادا نہیں کئے گئے اور وہ گھر کے بجائے ایک خیراتی اولڈ ہوم میں رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ ایک نوجوان نے اپنے فالج زدہ والد کا کیس بھی دائر کیا، جس پر دونوں کیسز فوری طور پر ٹیک اپ کرکے متعلقہ اخبار کی انتظامیہ کو بھجوادیاگیا، علاوہ زیں بزرگ میڈیا ورکر کو حاضری سے استثنیٰ بھی دیا گیا کہ اب اخباری انتظامیہ واجبات کی ادائیگی کے لئے خود ان سے رابطہ کرے گی۔ اٹھائیس دسمبر یعنی بروز بدھ سماعت کا آخری دن ہے۔
واجبات کی عدم ادائیگی، بزرگ میڈیا ورکراولڈ ہوم رہنے پر مجبور۔۔
Facebook Comments