نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کوئٹہ عدالت کے جج عبدالغنی مینگل نے بول نیوز کے منجمنٹ کو نوٹس جبکہ فریق اول کوگواہ پیش کرنے کا حکم صادر کیا۔سوموار کے روز ضلعی کچہری میں قائم نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن( این آئی آرسی) میں بول نیوز کے خلاف دائر کیس کی سماعت ہوئی بول منجمنٹ کی جانب سے کیس کی پیروی کےلئے کوئی بھی پیش نہیں ہوا جس پر معزز جج عبدالغنی مینگل سخت برہم ہوئے۔معززجج نے بول نیوز کےمنجمنٹ کے ذمہ داروں کو نوٹس جبکہ فریق اول سینئر صحافی اعظم الفت کو گواہ ودیگر لوازمات پیش کرنے کا حکم صادر کیا اور کیس کی سماعت پندرہ اپریل تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ بول نیوز کی جانب سے نوٹس دئیے بغیر اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر سینئر صحافی اعظم الفت کو ملازمت سےفارغ کردیا۔ بول نیوز کے اس غیر قانونی و غیرآئینی اقدام کو سینئر صحافی اعظم الفت نے عدالت میں چیلنج کردیا اور موقف اختیار کیا کہ غیرقانونی اور بلاوجہ ملازمت سے برطرفی ،تنخواہوں اور بقایاجات کےلئے عدالت سے رجوع کیا۔صحافی اعظم الفت کی جانب سے ماہرقانون دان اعظم زرکون ایڈووکیٹ کیس کی پیروی کررہے ہیں۔